Common frontend top

حکومت حقیقی کسان دوست: عثمان بزدار، مفرورعابدملہی کوپکڑنے پر 50لاکھ انعام کا اعلان

بدھ 14 اکتوبر 2020ء





لاہور(وقائع نگار،92نیوزرپورٹ)وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت پہلی حقیقی کسان دوست حکومت ہے ۔پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ گنے کے کاشتکاروں کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ دیا گیا۔ 2سال میں شوگر ملوں سے کاشتکاروں کو 99فیصد واجبات کی ادائیگی یقینی بنائی ہے ۔کاشتکاروں کو زرعی مشینری کی الاٹمنٹ کے سرٹیفکیٹ اور ای کریڈٹ سکیم کے تحت چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت پنجاب نے کاشتکار بھائیوں کی سہولت کیلئے ای کریڈٹ سکیم کے قرضوں کی حد بڑھا دی ہے ۔کاشتکار کواب بیج،کھاد اور دیگر زرعی مداخل کے حصول میں دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔محکمہ زراعت مختلف فصلوں کی 80نئی اقسام کی منظوری دے چکا ہے ۔زرعی تحقیق کیلئے 6ارب روپے مختص کئے گئے ہیں ۔ حکومت پنجاب کے کسان دوست اقدامات کی وجہ سے اس سال گندم، چنے اور کینولاکی اضافی پیداوار حاصل ہوئی۔اپنے خطاب میں لاہور سیالکوٹ موٹر وے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم کی گرفتاری کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دی اور انویسٹی گیشن ٹیم کے لئے 50 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔ وزیر اعلی نے کاشتکاروں میں جدید زرعی مشینری و آلات کی فراہمی کیلئے الاٹمنٹ سرٹیفکیٹ اور ای کریڈٹ سکیم کے تحت قرضوں کے چیک تقسیم کئے ۔قبل ازیں وزیراعلی عثمان بزدار نے 90 شاہراہ قائد اعظم پر جدید زرعی مشینری کی نمائش دیکھی اور دھان کی فصل کاشت کرنے کے لئے مخصوص رائیڈنگ رائس ٹرانسپلانٹرکا مشاہدہ کیا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ کی ہدایت پر مری میں ریوینو سے متعلقہ امور کے بارے عوامی شکایات پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ریونیو کے عملے کو معطل کردیاگیا۔ عوامی شکایات پر اسسٹنٹ کمشنر زاہد حسین مری کو بھی عہد ے سے ہٹا دیاگیاجبکہ فرائض سے غفلت برتنے پر تحصیلدار و سب رجسٹرار اوررجسٹری محررکو فوری طورپر معطل کردیاگیا۔ تحصیلدار و سب رجسٹرارمری الیاس اور رجسٹری محرر ابرار قریشی عہدوں سے فارغ کر دیا گیا ۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ دو برس نرمی سے کام لیا،اب ڈلیورنہ کرنے والا افسرپنجاب میں نہیں رہے گا۔بعدازاں وزیر اعلیٰ نے رحیم یار خان کے علاقہ میں بچوں پر آوارہ کتوں کے حملے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے بہاولپور کے کمشنر اور آرپی او سے رپورٹ طلب کر لی ۔وزیر اعلیٰ نے واقعہ میں دو بچوں کے جا ں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیااورلواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں