راولپنڈی(رپورٹر92 نیوز)وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ جعلی ڈگری والے پائلٹس کو برطرف کیا جائے گا اور ان پر فوجداری مقدمات بھی بنیں گے ۔ گزشتہ روزوفاقی وزیر غلام سرور خان نے یہاں اپنے دفترمیں پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ پی آئی اے پائلٹس کی جعلی ڈگریوں کا معاملہ سپریم کورٹ کے از خود نوٹس سے شروع ہوا جب ہماری حکومت نہیں تھی۔انہوں نے کہا کہ فروری 2019 میں پائلٹس کی ڈگریوں کی چیکنگ کے لئے بورڈ بنا دیا تھا، 850 میں سے 262 پائلٹ کی ڈگریاں چیکنگ میں جعلی نکلیں، 28 پائلٹ کو شوکاز دیا گیا اور 9 پائلٹوں نے اعتراف جرم کیا، مزید 30 پائلٹوں کو شوکاز نوٹس جاری کر دئیے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملک میں دیگر فضائی حادثات ایئر بلیو، بھوجہ ایئر لائن، گلگت بلتستان حادثہ اور ہری پور حادثہ کی رپورٹ بھی پارلیمنٹ میں پیش کریں گے ، پی آئی اے کا ریگولر آپریشن عارضی طور پر معطل ہے اور پی آئی اے اپیل میں جارہی ہے ۔انہوں نے کہا صرف وہی کپتان جہاز اڑائیں گے جن کے کوائف درست اور تصدیق شدہ ہوں گے جن کے کوائف مشکوک ہوں گے وہ کریمنل کیسز کا سامنا کرنے کے علاوہ نوکری سے بھی جائیں گے ، اگر سیاستدانوں،سرکاری افسران کی ڈگریوں میں فرق ہو سکتا ہے تو پائلٹس بھی اسی معاشرے کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا شہباز شریف کہتے ہیں وزیراعظم نے ساری دنیا کو بتا دیا کہ شریف فیملی چور ہے ،میں کہتا ہوں آپ تو مصدقہ،تصدیق شدہ چور ہیں،اب چور کو چور نہ کہیں تو کیا کہیں؟۔دریں اثناراولپنڈی میں ٹائیگرفورس کی تقریب حلف برداری سے خطاب میں غلام سرور خان نے کہا ہے کہ ٹائیگر فورس کا مقصد دکھی انسانیت کی خدمت کرنا ہے ،میرے دو حلقوں میں 5400 نوجوانوں نے ٹائیگر فورس کے لئے رجسٹریشن کروائی ۔انہوں نے کہا کہ کوروناکی صورتحال میں150 ارب مالیت کا احساس کفالت پروگرام غریبوں کے لئے دیا گیا۔راولپنڈی میں دو بڑے میگا پراجیکٹس،رنگ روڈ،نالہ لئی ایکسپریس وے لا رہے ہیں،راولپنڈی اسلام آباد کو ملانے کے لئے رنگ روڈ کا منصوبہ لا رہے ہیں کوشش ہے کہ اس مالی سال اس پراجیکٹ کو شروع کر دیں۔