اسلام آباد(نیوزرپورٹر؍خصوصی نیوز رپورٹر) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مدارس کو قومی دھارے میں لانے کے مثبت نتائج نکلیں گے ۔آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اتحاد تنظیمات مدارس کے انٹرمیڈیٹ امتحان کے پوزیشن ہولڈر طلبہ نے ملاقات کی۔ مدارس کی 4 طالبات سمیت 13 طلبہ نے مختلف بورڈز میں پوزیشنیں حاصل کیں۔ آرمی چیف نے پوزیشن ہولڈرز میں انعامات اور والدین اور اساتذہ میں سوینئرز تقسیم کئے ۔اس موقع پر آرمی چیف نے کہا دینی مدارس کو قومی دھارے میں لانے کی کوششوں کے مثبت نتائج نکلیں گے ، مدارس کے طلباء کو ملازمتوں کے مواقع ملیں گے ، ان کے لئے کیریئرز میں ترقی کی راہیں کھلیں گی۔انہوں نے مختلف مضامین میں کامیابی حاصل کرنے پر طلبہ کو مبارکباد پیش کی اور ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا دینی مدارس کے طلبہ اور طالبات اسی طرح محنت جاری رکھیں اور ملکی ترقی اور خوشحالی میں مفید شہری کا کردار ادا کریں۔علاوہ ازیں آرمی چیف نے پاکستان آرڈیننس فیکٹری (پی او ایف) واہ اور ہیوی انڈسٹری ٹیکسلا کا بھی دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پی او ایف واہ کے دورے کے دوران نئے یوریا فارمولیڈ ہائیڈ مولڈنگ کمپاؤنڈ کا افتتاح کیا اور پی او ایف کے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے شعبہ کی کامیابیوں کی تعریف بھی کی۔آرمی چیف نے کہا پاکستان آرڈیننس فیکٹری (پی او ایف) مشترکہ منصوبوں کیلئے اقدامات کرے ،حکمت عملی سے بنائی جانے والی مصنوعات میں بہتری آئے گی۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا پی او ایف اور ہیوی انڈسٹری ٹیکسلا میں بننے والے آلات سے خود انحصاری اور دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور دونوں قومی اداروں کی وجہ سے بچت بھی ہو رہی ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے دونوں فیکٹریوں میں بنائے جانے والے دفاعی اور سکیورٹی آلات کے معیار کو سراہا۔آئی ایس پی آر کے مطابق پی او ایف واہ میں یوریا پلانٹ کا منصوبہ 8ماہ کی قلیل مدت میں مکمل ہوا۔نیا پلانٹ کم لاگت جدیدترین سلور کیٹا لسٹ ٹیکنالوجی کا حامل ہے ۔نئے پلانٹ کی تنصیب سے پیداواری لاگت میں کئی گنا کمی ہوگی۔