اسلام آباد(سید نوید جمال ) وفاقی حکومت نے صوبہ بلوچستان میں احساس محرومی کا شکار اور2005 کے آپریشن کے نتیجے میں بے گھرہونے والے ڈیرہ بگٹی کے بگٹی قبائل کی ان کے آبائی علاقوں میں ازسر نو بحالی کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے ۔ذرائع نے روزنامہ 92 نیوز کو بتایاکہ اس سلسلے میں وزیر اعظم عمران خان نے مشیر برائے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن ارباب شہزاد کی نگرانی میں ایک کمیٹی قائم کی ہے جس میں پرویز خٹک ، قاسم سوری ، جہانگیر ترین شامل ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ بلوچستان کے مسائل کے حوالے سے قائم کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں بگٹی قبائل کے رہنماشاہ زین بگٹی ،وفاقی سیکرٹری سیفران محمد اسلم ، چیئرمین نادرا عثمان مبین نے بھی شرکت کی ۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں بلوچستان کے مسائل اور بگٹی قبائل کے تحفظات کا تفصیلی جائزہ لیاگیا ۔ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ بگٹی قبائل کے بیدخل افراد کو سوات ،مالاکنڈ اورفاٹا کے قبائلی علاقوں کے متاثرین کی بحالی کے ماڈل پروگرام کے طرز پر اپنے گھروں میں آباد کیاجائے گا ، متاثرین کی اپنی گھروں کو واپسی اور تباہ حال گھروں کی تعمیرنو کیلئے ہر متاثرہ خاندان کو فی کس2 سے 5 لاکھ روپے مالی امداد دی جائے گی ،ڈیرہ بگٹی میں آپریشن کے دوران تقریباً 50 ہزارافراد بے گھر ہوگئے تھے ۔ذرائع نے مزید بتایا کہ بگٹی قبائل کے بے دخل خاندانوں میں جن افراد کے گھر آپریشن میں مکمل طور پرتباہ ہوئے ہیں ان کی دوبارہ تعمیر کے لئے تقریبا 4ً لاکھ 60ہزار روپے جبکہ جزوی طور پر تباہ ہونے والے خاندانوں کے گھروں کی بحالی کے لئے ایک لاکھ60 ہزار روپے ادا کئے جائیں گے ، ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ عید الضحیٰ کے فوراً بعد پنجاب اور سندھ کے اضلاع میں سروے کیاجائے گا اور بگٹی قبائل سے آنے والے بے دخل افراد کی شناخت کرنے کے لئے فہرستیں تیار کی جائیں گے اور پھر ان خاندانوں کو ان کے آبائی گھروں میں دوبارہ سے آباد کیاجائے گا ۔جبکہ 3 ہزار 8 سو مربع میل کے رقبے پر پھیلی ڈیرہ بگٹی کی اراضی کے کرایہ کی مد میں بقایاجات کی ادائیگی کا عمل عید الضحیٰ سے قبل شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیاگیا ہے ۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں شاہ زین بگٹی کاکہنا تھا کہ 2005 میں آپریشن کے دوران ہزاروں کی تعداد میں بگٹی خاندان پنجاب اور سندھ کے اضلاع میں ہجرت کرگئے تھے ان کی بحالی کے لئے وفاقی حکومت اقدامات کرے انہیں واپس اپنے گھروں کو پہنچایا جائے ، ان کے گھروں کو دوبارہ سے تعمیر کرنے کے لئے معاوضہ دیا ہے ، ڈیرہ بگٹی میں ہماری تقریباً 2000 ہزار ایکڑ اراضی پر حکومتی اداروں جن میں او جی ڈی سی ایل اور دیگر اداروں نے اپنے دفاتر قائم کر رکھے ہیں ان کا معاوضہ دلایا جائے ۔