اسلام آباد(سپیشل رپورٹر ،92نیوزرپورٹ ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے حکومت کا کام ریاستی اداروں کو مضبوط بناناہے ۔ ملکی استحکام کو پٹڑی سے اترنے نہیں دیں گے ۔وزیراعظم عمران خان سے گزشتہ روز پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان نے ملاقات کی ۔ملاقات میں مشرف کیس کے فیصلے ،سیاسی صورتحال اورقانونی امورپرگفتگوکی گئی۔عوام کے حق میں ریفارمز اور فوری قانون سازی پر بھی تفصیلی مشاورت کی گئی۔ ملاقات کے بعد جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے ملاقات میں ریاستی اداروں کے بھرپوردفاع کا عزم کیا۔وزیراعظم نے کہا ملک میں معاشی استحکام کو کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔وزیراعظم سے کراچی سے تعلق رکھنے والے تحریک انصاف کے ممبران قومی اسمبلی نے ملاقات کی اور وزیراعظم کو کراچی کے مسائل سے آگاہ کیا جبکہ کراچی میں وفاقی حکومت کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت پر بھی گفتگو کی گئی ۔وزیراعظم نے کہا معاشی استحکام کے حصول کے بعد حکومت کی بھرپور توجہ عوام کو درپیش مسائل کے حل پر ہے ۔حکومت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے پرخصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے ضمن میں نجی شعبے اور کاروباری برادری کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے ۔ صنعتی عمل میں تیزی اور مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کی رفتار تیز ہونے سے نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع میسر آئیں گے ۔ وزیراعظم نے کہا کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے ۔ کراچی کی ترقی ملک کی ترقی ہے ۔ کراچی کی ترقی و خوشحالی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا وہ بہت جلد کراچی کا دورہ کریں گے ۔ وزیر اعظم سے معاون خصوصی سردار یار محمد رند کی قیادت میں پارلیمانی پارٹی بلوچستان کے وفدنے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان کی مجموعی صورتحال، ترقیاتی امور اور عوام کو درپیش مسائل پر بات چیت کی گئی ۔ ملاقات میں صوبہ بلوچستان کی مجموعی صورتحال، ترقیاتی امور اور عوام کو درپیش مسائل پر بات چیت کی گئی ۔ وزیر اعظم نے کہا معاشی استحکام کے بعد حکومت کی بھرپور کوشش ہے صنعتی عمل تیز ہو اور نوجوانوں کونوکریوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع میسر آئیں ۔بلوچستان کے عوام کی زندگیوں میں بہتری لانا اورصوبے میں سماجی و معاشی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔حکومت بلوچستان کے نوجوانوں کو ہنر فراہم کرنے پر بھی بھرپور توجہ دے رہی ہے ۔سماجی تحفظ کے جامع پروگرام احساس پروگرام اور صحت انصاف کارڈ کی بدولت بلوچستان کی عوام خصوصا غربت سے متاثرہ خاندانوں کو سہولت میسر آئے گی۔وزیر اعظم نے منتخب اراکین کو ہدایت کی کہ وہ عوام کے مسائل کو اجاگر کرنے اور انکے حل کیلئے بھرپور کردار ادا کریں۔وزیراعظم کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کے 41 ویں اجلاس کی تیاریوں کے سلسلے میں اجلاس ہوا۔ وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں مشترکہ مفادات کونسل کے گزشتہ اجلاسوں کے دوران ہونے والے فیصلوں پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان ، چئیرمین ایف بی آر شبر زیدی و دیگر اعلی افسران نے شرکت کی ۔