لاہور(گوہر علی) اپوزیشن پارلیمنٹ کے 30اگست کو ہونے والے اجلاس میں اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں سے بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی خود مختاری ختم کرنے کا نوٹس لینے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت روکنے کے اقدامات کرنے کا مطالبہ کرے گی جبکہ قومی اسمبلی کی کشمیر کمیٹی کااجلاس بھی 29اگست کو چیئر مین فخر امام کی صدارت میں ہوگا ،اپوزیشن جماعتوں کے قائدین مقبوضہ کشمیر کا معاملہ پارلیمنٹ میں پوری قوت سے اٹھانے کے لئے مشترکہ لائحہ عمل مرتب کریں گے ، ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کے درمیان آئندہ چند روز میں باضابطہ رابطوں کا سلسلہ شروع ہوجائے گا ، جس کے بعد مسئلہ کشمیر کے حوالے سے حتمی حکمت عملی مرتب کی جائے گی ،پارلیمنٹ کے اس مشترکہ اجلاس میں حکومتی سطح پر بھی مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورت حال پر موقف پیش کیا جائے گا ،ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے بعد قومی اسمبلی کے اجلاس میں بھی کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کیا جائے گا اور اس اجلاس میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی شرکت بھی متوقع ہے ۔