لاہور(خصوصی نمائندہ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مانگا منڈی کے علاقے خود پور میں پلانٹ فار پاکستان ڈے کے موقع پر ’’ہر بشر 2 شجر‘‘ کے تحت پودا لگا کر مون سون شجرکاری مہم 2019کاافتتاح کیا، اس موقع پر وزیر مملکت برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل، وزیراعظم کے مشیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری ماحولیاتی تبدیلی رخسانہ نوید اور سکاؤٹس نے بھی پودے لگائے اور شجرکاری مہم کی کامیابی کیلئے دعا کی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور دیگر مہمانوں نے پی ایچ اے اور محکمہ جنگلات کے سٹالز کا دورہ کیا، شجرکاری مہم 2019 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے خود پور میں شجرکاری کیلئے مختص مقام کو کشمیر پارک سے منسوب کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ خود پور میں شجرکاری کیلئے واگزار کرائی گئی 50 ایکڑ سرکاری اراضی کو کشمیری بہن بھائیوں کے نام کرتا ہوں،صوبہ کے ہر ضلع میں ایک سڑک اور ہر ڈویژن میں ایک پارک کو کشمیر کے نام سے منسوب کرنے کے اعلان پر جلد عملدرآمد شروع ہو جائے گا، انہوں نے کہا کہ پولی تھین فری پنجاب کا قانون جلد نافذ ہو جائے گا، پنجاب میں پلاسٹک بیگز پر پابندی عائد کی جائے گی، پنجاب حکومت نے پولی تھن بیگز کے استعمال پر پابندی کی سمری منظوری کر لی ہے اور کابینہ کے اگلے اجلاس میں اس فیصلے کی منظوری کے بعد عملدرآمد ہوگا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ 4 سال میں جنگلات کے رقبے میں اضافے کا ہدف پورا کریں گے ، درخت ہمارے دوست ہیں جو ہمیشہ وفا کرتے ہیں۔ وزیراعظم کے مشیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ ’’ہر بشر 2 شجر‘‘ کے تحت ہر شہری ایک پودا پاکستان اور دوسرا پودا کشمیر کیلئے لگائے ۔ وزیر مملکت ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ ترچھی ٹوپی اور لانگ شوز پہن کر پانی میں کھڑے ہو جاتے لیکن انہو ں نے منصوبہ بندی نہیں کی، سابق دو رمیں درخت کاٹے گئے اور قدرتی ماحول کو نقصان پہنچایا گیا لیکن اس ضمن میں عملی اقدامات نہیں کئے گئے ، علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے انسانیت سے محبت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اسلام انسانیت سے بے لوث محبت کرنے کا دین ہے ،دکھی انسانیت سے محبت اورخدمت ہی انسانیت کی معراج ہے ،ایک طرف آج دنیا انسانیت سے محبت کا عالمی دن منا رہی ہے جبکہ دوسری طرف مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے انسانیت کی تذلیل کی تمام حدیں پار کرلی ہیں۔