کراچی( صباح نیوز ،این این آئی)سٹیٹ بینک نے 40ہزار کے انعامی بانڈز کی فوری فروخت بند کردی ، اب کوئی قرعہ اندازی بھی نہیں ہوگی۔سٹیٹ بینک نے تجارتی بینکوں کو 40ہزارروپے مالیت کے غیر رجسٹرڈ پرانے انعامی بانڈز کی فوری طور پر فروخت روکنے کے احکام جاری کردیئے ہیں ۔سٹیٹ بینک کے کرنسی مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے تمام بینکوں کے صدور کو بھیجے گئے خط میں کہاگیا ہے کہ40ہزار کے پرانے انعامی بانڈز 31 مارچ 2020 کے بعد کیش ہونگے نہ ہی انکی رجسٹریشن کی جائے گی بلکہ ان پرانے انعامی بانڈز کی اب کوئی قرعہ اندازی بھی نہیں کی جائے گی۔خط میں کہاگیا ہے کہ 40ہزارروپے کے پرانے انعامی بانڈز کو پریمیم پرائز میں تبدیل کیا جاسکے گا۔خط میں کہاگیا کہ بانڈ زہولڈرزپرانے 40ہزار کے انعامی بانڈز قومی بچت کے سرٹیفیکٹ میں تبدیل کراسکیں گے ۔اگر بانڈ ہولڈرز کو اپنے انعامی بانڈز کوکیش کرانا ہو تو فارم بھر کر بانڈز کے مالک کے اکائونٹ میں رقم منتقل کی جاسکے گی۔مرکزی بینک کے ہدایت نامے کے مطابق 31 مارچ 2020 تک بانڈز صارفین سٹیٹ بنک کے 16 اور چھ کمرشل بینکو ں سے چالیس ہزارروپے کے بانڈز کو پریمیم پرائز بانڈز میں رجسٹرڈ کراسکیں گے ،40 ہزار روپے والے بیئر رپرائز بانڈ ہولڈر کو یہ سہولت حاصل ہوگی کہ وہ اپنے بانڈز کو سٹیٹ بینک آف پاکستان، نیشنل بینک آف پاکستان، یونائیٹڈ بینک، ایم سی بی بینک، الائیڈ بینک آف پاکستان، حبیب بینک آف پاکستان اور بینک الفلاح کی مجاز برانچز سے رجسٹرڈ پرائز بانڈ میں تبدیل کرا سکیں ۔اس کے علاوہ 40 ہزار روپے کے بیئرر پرائز بانڈ رکھنے والوں کو یہ سہولت بھی حاصل ہوگی کہ وہ اس کے بدلے میں ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹس یا سپیشل سیونگز سرٹیفکیٹس،سٹیٹ بنک آف پاکستان، کمرشل بنکوں کی مجاز برانچز یا مراکز قومی بچت سے حاصل کرسکتے ہیں۔خیال رہے کہ ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹس اورسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹس پر منافع کی شرح بہت پرکشش ہے ، جہاں ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹس پر سالانہ منافع 12.41 فیصد اور سپیشل سیونگز سرٹیفکیٹس پر اوسط سالانہ منافع 11.57 فیصد ہے ۔