اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ کرپشن کے خاتمے کی پالیسی سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے ، سابقہ حکومت کی کرپشن کے کیسز کو منظر عام پر لایا جائے ، موجودہ دور حکومت کی کرپشن کو بھی بے نقاب کریں،جو کوئی کرپشن کے معاملات پر مٹی ڈالنے کی کوشش کرے مجھے بتائیں۔ وزیر اعظم سے پبلک اکائونٹس کمیٹی کے حکومتی ارکان نے ملاقات کی جس میں ریاض فتیانہ اور نور عالم خان نے پی اے سی کی کارکردگی سے متعلق وزیراعظم کو بتایا۔ وزیراعظم نے کہا سابقہ حکومتوں میں ہونے والی بے ضابطگیوں سے متعلق تیاری کے ساتھ اجلاس میں جائیں، پبلک اکائونٹس کمیٹی عوام کے ٹیکس کے پیسے کا محافظ فورم ہے لیکن اس میں کرپشن کی نشاندہی کے موثر نتائج سامنے نہیں آئے ۔کمیٹی ارکان نے کہا پبلک اکائونٹس کمیٹی صرف آڈٹ پیراز کو دیکھتی ہے ، ایف آئی اے اور نیب جیسے اداروں کی کمزوری کے باعث کرپشن کیسز منطقی انجام کو نہیں پہنچتے ۔وزیراعظم نے کمیٹی ارکان کو پی اے سی اجلاسوں میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا اپوزیشن رہنما اپنے دور میں ہونے والی بے ضابطگیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں، آپ لوگوں کا بہت اہم کردار ہے ، زیادہ فعال اور حکومتی اقدامات کو زیادہ اجاگر کرنے میں کردار ادا کریں۔ عمران خان نے کہا آپ سب سینئر سیاستدان ہیں، آپ سے کرپشن سے متعلق کیسز کو ہائی لائٹ کرنے کی توقع ہے ، سابقہ حکومت کی کرپشن کے کیسز کو منظر عام پر لایا جائے ، موجودہ دور حکومت کی کرپشن کو بھی بے نقاب کریں، کرپشن کو سپورٹ کرنے والے کسی سے رعایت نہ برتی جائے ، جو کوئی کرپشن کے معاملات پر مٹی ڈالنے کی کوشش کرے مجھے بتائیں، کرپشن کے خاتمے کی پالیسی سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے ، کرپشن کرنے والا جو کوئی بھی ہے ، قانون کی گرفت میں لائیں۔وزیراعظم کے زیرصدارت کورکمیٹی اجلاس میں خیبر پختونخوا اور پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے احساس راشن پروگرام سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا حکومت عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ،مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کی تکالیف کا ادراک ہے ،ہم غریب ترین لوگوں کو اشیائے ضروریہ پر سبسڈی دے رہے ہیں۔ وزیراعظم نے اس پروگرام کے شراکت دار صوبوں، ضلعی حکومتوں اور دیگر متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ملک میں زیادہ سے زیادہ غریب خاندانوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے راشن رجسٹریشن کے عمل کو تیز کیا جائے ۔ انہوں نے تمام متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں کریانہ سٹورز اور ممکنہ مستحقین کو آگاہی فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔علاوہ ازیں وزیراعظم سے وزیراطلاعات و نشریات فواد چودھری نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے مختلف حکومتی اقدامات کو اجاگر کرنے کے لئے ایک موثر میڈیا کمیونی کیشن حکمت عملی وضع کی جائے ۔عمران خان نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ جو ماضی سے سبق حاصل نہیں کرتے ، وہ ایک ہی طرح کی غلطیاں بار بار دہراتے ہیں۔ وزیراعظم نے ہالینڈ کے فلاسفر برچ سپینوزا کا ایک قول بھی ان کی تصویر کے ساتھ شیئر کیا جس میں سپینوزا نے کہا کہ اگرآپ چاہتے ہیں کہ آپ کا حال، آپ کے ماضی سے مختلف ہو تو اپنے ماضی کامطالعہ کریں۔