لاہور( کامرس رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایات کے مطابق جعلی زرعی ادویات کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف صوبہ بھر میں کارروائیاں کی جاری ہیں۔ایسے ہی ایک آپریشن کے دوران ایڈیشنل سیکرٹری زرعی ٹاسک فورس رانا علی ارشد کی ہدایت پرابراہیم کالونی لاہورمیں خفیہ اطلاع ملنے پرمحکمہ پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز لاہورکی ٹیم نے ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز لاہور ڈاکٹر محمد اسلم کی سربراہی میں جعلی زرعی ادویات وفروخت کرنے والے ڈیلرز پر ہمراہ پولیس پارٹی چھاپہ مارا اور اس دوران50لاکھ روپے مالیت کی جعلی زرعی ادویات کو برآمد کر کے ضبط کیا گیا اور اس مکروہ کاروبار میں ملوث3افرادمحمد ارسلان، مظہر علی اور محسن رضا کو موقع پر گرفتار کرکے ایف آئی آر کا اندارج عمل میں لایا گیا۔ ملزمان سے جعلی زرعی ادویات و لیبل کثیر تعداد میں برآمد کئے گئے ہیں۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ جعلی زرعی مداخل فروخت کرنے والے مافیہ کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جارہا ہے اور اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دی جارہی ہے ۔حکومت پنجاب جعلی زرعی ادویات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرلینس پالیسی کے اصول پر عمل پیرا ہے اور اس کاروبار کی بیخ کنی کیلئے تمام ممکنہ کاروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔اس ضمن میں محکمہ زراعت ٹھوس شواہد کی بنا پر ملزمان کے خلاف ہر سطح پر اپنی کاروائی جاری رکھے ہوئے ہے اور جعلی زرعی ادویات کے دھندے میں ملّوث افراد کوقانون کے حوالے کیا جا رہا ہے ۔