لاہور ،اسلام آباد، کوہاٹ،ملتان ( سٹاف رپورٹر ، وقائع نگار، ،سپیشل رپورٹر،،مانیٹرنگ ڈیسک ،نیٹ نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو اپنے موقف کی فتح قرار دیتے ہوئے صدر مملکت سے درخواست کی ہے کہ فیصلے سے وفاقی اور پنجاب کی حکومتیں ختم ہو گئی ہیں فوری طور پر اسمبلیاں تحلیل اور عام انتخابات کرائے جائیں۔سابق وزیراعظم و چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہاہے کہ سپریم کورٹ آپ کاشکریہ! لوٹوں کیخلاف فیصلہ دے کر آپ نے اخلاقیات کوبچالیا، امپورٹڈ حکومت پراس وقت خوف طاری ہے ،امپورٹڈ حکومت پٹرول اورڈیزل کی قیمتیں بڑھانے لگی ہے ،کوہاٹ میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاشہبازشریف کووزیراعظم بننے کابڑاشوق تھا،شہبازشریف نے بڑی دیر سے اچکن سلوائی ہوئی تھی، شہبازشریف کے پاس جوتے پالش کرنے کا بڑا اچھا فن ہے ، امریکیوں کے بوٹ بھی پالش کرتا ہے ، زرداری واقعی پوری ن لیگ پربھاری ہے ،اس وقت سب سے زیادہ مزے آصف زرداری کررہا ہے ،مہنگائی کی ساری گالیاں شہباز شریف کھارہاہے ،انکی دوحہ میں آئی ایم ایف سے میٹنگ ہے ،اب یہ امریکیوں سے کہیں گے اگرہمیں ڈالرنہ دیئے توپھرعمران خان آجائیگا، ملکی معیشت تباہ کردی، اب یہ چھپتے پھر رہے ہیں ،سپریم کورٹ سے عاجزانہ درخواست ہے شریف خاندان کے کرپشن کیسزسنیں،حمزہ شہبازاچکن کواب سنبھال کے رکھ دو،امیدہے پنجاب میں اب مرغی کی قیمتیں بھی نیچی آجائیں گی۔ہماراایک ہی مطالبہ ہے کہ فوری انتخابات کرائیں۔ دریں اثنا عمران خان سے ملتان کے حلقے این اے 154سے سیاسی و سماجی شخصیت ملک ثاقب محمود مہے نے ملاقات کی اور ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی میں بڑے فیصلے ہو رہے ہیں نگران حکومت بنے گی مسلط لوگ اپنے اپنے کیسز ختم کرا رہے ہیں ،اب نواز شریف کو ملک میں آنے سے کون روک رہا ہے ، آئیں الیکشن کرائیں ۔دوسری جانب فواد چودھری نے لاہور اور اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے سپریم کورٹ کے فیصلے کے نتیجے میں شہباز شریف کی وفاق میں اور حمزہ شہباز کی پنجاب میں حکومتیں ختم ہوچکی ہیں،صدر پاکستان اسمبلیاں تحلیل کرکے نئے انتخابات کرائیں ،سپریم کورٹ کی رائے فیصلے کی ہوتی ہے ،شہباز شریف کے پاس 172 ووٹ ہیں جن میں سے تین لوگ پہلے ہی علیحدہ ہوچکے ہیں، ان کے پاس اس وقت 169 ارکان ہیں، حمزہ شہباز کے پاس 171 ارکان ہیں جب کہ پنجاب میں 186 رکن چاہئیں۔، اسمبلیوں کو توڑ دیا جائے اور نئے انتخابات کی طرف بڑھا جائے ۔تحریک انصاف کے اعتماد کے بغیر کوئی نگران حکومت نہیں بن سکتی ہے ۔اسد عمر نے لاہور میں پروفیشنل ونگ کے زیر اہتمام ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر پاکستانی عوام کو مبارک ہو، لوٹے فارغ ہوگئے ،پنجاب حکومت کا جواز ختم ہو گیا، وفاقی حکومت فوری طور پر استعفیٰ دے ۔شہباز گل نے کہاہے کہ فیصلے سے عمران خان اور پاکستان کا موقف جیت گیا، حمزہ شہباز بھی فارغ اور ساتھ ساتھ یہ پورا امپورٹڈ ٹولہ بھی فارغ ہوگیا۔ اب کارکن الیکشن کی تیاری کریں ۔