لاہور/نوشہرہ ورکاں (نمائندہ خصوصی سے ،نامہ نگار)ہمسایہ ملک بھارت سے 82ہندو یاتری واہگہ چیک پوسٹ کے راستے پیدل پاکستان پہنچ گئے ۔شیو پرتاب بجاج کی سربراہی میں جتھہ میں 30خواتین شامل ہیں ۔ ہندو یاتریوں کو سخت سکیورٹی میں خصوصی بسوں کے ذریعے گورودوارہ شری ڈیرہ صاحب پہنچا دیا گیا، یاتری آج ہفتہ کی دوپہر کٹاس راج جائیں گے جہاں کل اتوار کو شری رام جی کی سالانہ تقریبات ہوں گی۔ہندو یاتری پیر کو لاہور واپس آئیں گے ،منگل کو شاہی قلعہ لاہور میں شری رام کے بڑے صاحبزادے لو کی سمادھی،جمعرات کو کرشنا مندرلاہور کا دورہ اور تاریخی مقامات کی سیر کریں گے ۔ہندو یاتری19دسمبر کی صبح واہگہ چیک پوسٹ کے راستے بھارت واپس روانہ ہو جائیں گے ۔ادھر نوشہرہ ورکاں میں امریکہ سے آئے سرجیت ہوٹی سنگھ اور ڈاکٹر ڈلویر سنگھ پر مشتمل وفد نے گوردوارہ مٹوبھائی کے کا دورہ کیا اور اپنی مذہبی رسومات ادا کیں ،حکومت پاکستان اور مقامی حکام شکریہ ادا کیاجنہوں نے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے گوردوارہ کی چاردیواری کرائی اور دیکھ بھال کے مناسب انتظامات کئے ۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آکر یوں محسوس ہو رہا ہے کہ جیسے وہ اپنے گھر آئے ہیں۔