لا ہو ر(کر ائم ر پو رٹر)پاکستان سپر لیگ ٹی ٹونٹی کرکٹ سیزن سیون کے صوبائی دارلحکومت میں جاری میچز میں شائقین کی سو فیصد آمد کے حکومتی فیصلے کے بعد لاہور پولیس نے سکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیئے ہیں۔ کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کی ٹیموں کے درمیان پی ایس ایل کے دوسرے مرحلے کے آٹھویں اور سیریز کے تیئسویں میچ کے پر امن انعقاد کے لئے سی سی پی او لاہور ایڈیشنل آئی جی فیاض احمد دیو کی قیادت میں لاہور پولیس کی طرف سے سکیورٹی کے سخت انتظامات عمل میں لائے گئے تھے ۔سی سی پی او لاہور فیاض احمد دیو نے سینئر افسران کے ہمراہ قذافی سٹیڈیم کا دورہ کرکے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ سی سی پی او لاہور نے ڈی سی لاہور کے ساتھ شائقین کرکٹ کے لئے شروع کی گئی شٹل بس سروس میں سفر کرکے سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سٹیڈیم میں انکلوژر کا بھی دورہ کیا جہاں شائقین نے پنجاب پولیس زندہ باد کے نعرے بلند کئے ۔کھلاڑیوں اور شائقین کرکٹ کو بھرپور سیکورٹی فراہم کرنے کے لئے ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر عابد خان اور سی ٹی او لاہور منتظر مہدی کی زیر نگرانی سکیورٹی و ٹریفک کے مربوط انتظامات عمل میں لائے گئے ہیں ۔