اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) صدر مملکت اسلامی جمہوریہ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے عید الفطر کے اس پر مسرت موقع پر کہا کہ میں اہل وطن کو مبارکباد دیتا ہوں، اللہ رب العزت سے دعا گو ہوں کہ وہ ہماری عبادتوں کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے ۔ عید الفطر کا دن مسلمانوں کے لئے مختص ایک تہوار سے بڑھ کر اس محنت، ریاضت، صبر اور ہمدردی کا انعام ہے جو ماہ رمضان المبارک میں انجام دی جاتی ہے ۔ روز عید گویا یہ پیغام لے کرآتا ہے کہ اگر انسانیت، ایثار اور صبر و ہمدردی جیسی صفات کو ہم مستقل طور پر اپنی زندگی کا حصہ بنا لیں تو خدائی انعام و تکریم ابدی طور پر ہمارا مقدر ہوں گے ۔ پاکستانی قوم کو اس نازک صورتحال کا مقابلہ متحد ہو کراور احتیاطی تدابیر کو ملحوظ خاطر رکھ کے کرنا ہے ۔ عید الفطر کے اس بابرکت موقع پر ہمیں ایثار و قربانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ارد گرد کے ضرورت مندوں کا خصوصی خیال رکھنا ہے اور اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کرنی ہے کہ وہ اپنا خاص فضل و کرم فرماتے ہوئے تمام دنیاکو اس آزمائش سے نکال لے ۔ علاوہ ازیں وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان عمران خان قوم کے نام پیغام کے نام پیغام میں کہا اللہ تبارک و تعالی کا شکر ہے کہ ہم سب کو رمضان المبارک کی بابرکت گھڑیاں نصیب ہوئیں۔ اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ وہ ہمارے روزوں، عبادتوں اور کار ہائے خیر کو اپنی بارگاہ مبارک میں قبول فرمائے ۔ عیدالفطر کی آمد کے موقع پر میں اہل وطن اور مسلمانان عالم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ اس سال عیدالفطر کے موقع پر عالم انسانیت گہری آزمائش سے گزر رہی ہے ، اس وائرس سے بچاؤ کے لئے طبی ماہرین کی ہدایات کے مطابق احتیاط برتنا ہی فی الوقت اس کی روک تھام کا واحد طریقہ ہے ۔عیدالفطر کی خوشیوں میں ضرورت مند اور پسماندہ طبقات کو ہرگز نظر انداز نہ ہونے دیں اور حتی الوسع ان کے ساتھ تعاون، ہمدردی اور خیر خواہی کا معاملہ کریں۔