کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکسچینج میں منگل کواتارچڑھاؤ کے بعدمحدودپیمانے پرتیزی غالب آگئی جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس 13.67پوائنٹس اضافے سے 32972.02 پوائنٹس کی سطح پر بند ہواتاہم 47.15فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس سے سرمایہ کاروں کو 8ارب 87کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا البتہ کاروباری حجم پیرکی نسبت 100.49 فیصد ز ا ئد رہا ۔ گزشتہ روزملکی کرنسی مارکیٹوں میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی بے قدری،وفاقی بجٹ 2019-20 میں ٹریڈرز کے تحفظات ،فروخت کے دباؤ اور شرح سود بڑھنے کی اطلاعات کے باعث سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز منفی زون میں ہواجس سے ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای100انڈیکس 32604پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا تاہم بعدازاں حکومتہ مالیاتی اداروں مقامی بروکریج ہاؤز سمیت دیگرانسٹی ٹیوشنز کی جانب سے توانائی، سیمنٹ، بینکنگ، کیمیکل، فوڈز سمیت دیگرمنافع بخش سیکٹرمیں خریداری کے باعث ریکوری آئی جس سے 33000کی حد بحال ہوگئی اور مارکیٹ کے اختتام کے ایس ای 100 انڈیکس 13.67 پوائنٹس اضافے سے 32972.02 پوائنٹس پر بند ہوا ۔ اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 17.80 پوائنٹس اضافے سے 15591.8پوائنٹس، کے ایم آئی 30 انڈیکس 145.65پوائنٹس کمی سے 51738.19 پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 32.14 پوائنٹس کمی سے 24199.65پوائنٹس پربندہوا ۔ گزشتہ روزمجموعی طور پر 316کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے 148کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ، 149کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ 19 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔