لاہور؍ اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی؍ نامہ نگار) نیب نے غیر قانونی پلاٹس الاٹمنٹ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی جائیداد قرقی رپورٹ پیش کردی ۔احتساب عدالت کے جج اسد علی نے غیر قانونی پلاٹس الاٹمنٹ ریفرنس پر سماعت کی۔نیب لاہورنے عدالتی حکم پر سابق وزیر اعظم نواز شریف کی جائیدادقرق کرنے کی رپورٹ احتساب عدالت جمع کرائی جس کے مطابق نوازشریف کے حدیبیہ پیپر ملز سمیت تین مختلف کمپنیوں میں 8لاکھ 82ہزار سے زائد شیئرز ہیں جبکہ نوازشریف کی لاہور میں 1547کنال زرعی اراضی ہے ، اسی طرح شیخوپورہ کے دو موضع جات میں نوازشریف کی 102کنال سے زائد زرعی اراضی ہے ۔نیب رپورٹ کے مطابق نواز شریف کی ملکیت میں چار بیش قیمت گاڑیاں ہیں۔ علاوہ ازیں لاہور کی احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کی جیل میں میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ۔ مزید برآں احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد اعظم خان کے رخصت پر ہونے کے باعث سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی و دیگر ملزمان کے خلاف ایل این جی ریفرنس اور سابق وزیر اعظم شوکت عزیز کے خلاف اختیارات سے تجاوز کے ریفرنس میں بغیرکارروائی سماعت ملتوی کردی گئی۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں اعجاز ہارون اور سلیم مانڈوی والا وغیرہ کے خلاف ریفرنس سماعت کیلئے مقرر کرتے ہوئے تمام ملزمان کو طلبی کے نوٹس جاری کردیئے ۔گزشتہ روز سماعت کے دوران عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ 4فروری کو تمام ملزمان عدالت پیش ہوں۔ سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ مجھے احتساب عدالت کا کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا۔ دوسری جانب احتساب عدالت نے پیپلزپارٹی کی رہنما فرزانہ راجہ سمیت تمام ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام ملزمان کو 15 فروری کے دن فرد جرم عائد کرنے کیلئے پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔ سندھ میں توانائی منصوبوں میں اختیارات کے غلط استعمال اور خلاف ضابطہ فنڈز جاری کرنے کے الزام میں نیب راو لپنڈی نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کیخلاف ریفرنس دائر کردیا۔احتساب عدالت لاہور نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی میں کرپشن سکینڈل میں ملوث 9 ملزمان کے مزید چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کر دی۔ احتساب عدالت کے جج سجاد احمدنے ایم این ایم موٹر سائیکل فراڈ کیس میں ملوث تمام ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 3 فروری تک توسیع کردی۔احتساب عدالت نے علامہ اقبال ٹائون ہائوسنگ سوسائٹی ساہیوال کے مالک شمزید حسین کے خلاف کیس میں نیب کے تفتیشی کو ملزم کی پلی بارگین رپورٹ سمیت آج طلب کرلیا۔دریں اثناء احتساب عدالت کے ایڈمن جج جوادالحسن نے ریونیو ڈیپارٹمنٹ لاہور میں مبینہ مالی کرپشن کیس میں ملوث ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کرتے ہوئے انہیں 3 فروری کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔