اسلام آباد (سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک، اے پی پی) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبد العزیز نے وزیراعظم عمران خان سے ٹیلیفون پر بات چیت کی ہے ۔غیر ملکی خبر رساں ادارے ’’العربیہ‘‘ کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلیفون پر رابطہ ہوا ہے ، سعودی عرب کے ولی عہد نے مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان سے تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان بن عبد العزیز کو آگاہ کیا۔دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلیفونک رابطے میں کشمیر کے علاوہ خطے کی مجموعی صورت حال کا بھی جائزہ لیا گیا۔دریں اثنا سی پیک کے تحت جاری مختلف منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ سی پیک کی تکمیل سے نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورا خطہ مستفید ہوگا ، سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل اور متعلقہ محکموں کے مابین تعاون و اشتراک کیلئے سی پیک اتھارٹی کا قیام انتہائی موثر ثابت ہوگا ، اقتصادی راہداری کے تحت مختلف شعبوں میں جاری منصوبوں کی مقررہ ٹائم فریم میں تکمیل اولین ترجیح ہے ۔وزیر منصوبہ بندی نے سی پیک کے تحت توانائی، انفراسٹرکچر، پاکستان ٹیلی وژن کو ڈیجیٹل بنانے کے منصوبے ، اورنج لائن، ایم ایل ون، گوادر پورٹ اور دیگر اہم منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے چین کے تعاون سے پاکستان ٹیلی ویژن کے نشریاتی نظام کو ڈیجیٹل سسٹم میں تبدیل کرنے کے حوالے سے پائلٹ پراجیکٹ پر عملدرآمد کی منظوری دی۔ وزیر اعظم کو بتایاگیا ہے کہ ملتان سکھر موٹروے (ایم فائیو) مکمل کی جا چکی جسکا جلد باقاعدہ افتتاح کر دیا جائیگا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ منصوبوں پر بلا تعطل پیش رفت یقینی بنانے کیلئے سی پیک اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے ، سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل اور متعلقہ محکموں کے مابین تعاون و اشتراک کیلئے سی پیک اتھارٹی کا قیام انتہائی موثر ثابت ہوگا۔اے پی پی کے مطابق وزیراعظم نے خیبر پختونخوا میں پولیو کے کیسز سامنے آنے کا نوٹس لیتے ہوئے کل ہنگامی اجلاس طلب کر لیا، اجلاس میںوزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور چیف سیکرٹری کو شرکت کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔ ادھر خیبر پختونخوا حکومت نے پولیو وائرس کی روک تھام کیلئے ڈاکٹروں پر مشتمل 8 رکنی کمیٹی قائم کردی جو سفارشات وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کو پیش کریگی جس کی روشنی میں پالیسی وضع کی جائیگی