اسلام آباد(سہیل اقبال بھٹی)وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری نے ایک مرتبہ پھر ارشد خان کو چیئرمین پی ٹی وی تعینات کرنے کی دوٹوک مخالفت کرتے ہوئے اپنی ہی حکومت کے اقدام کو خلاف قانون قراردیدیا ہے ۔ فواد چودھری نے کابینہ ڈویژن کی سمری کے جواب میں وفاقی سیکرٹری معروف افضل کو خط لکھتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ارشد خان کو چیئرمین پی ٹی وی تعینات کرانے کیلئے وزیراعظم آفس کا غلط استعمال کیا گیا۔ ارشد خان کوچیئرمین پی ٹی وی تعینات کرنے کی سمری کی منظوری کی سفارش نہیں کی جاسکتی۔ ارشد خان نے بطور ایم ڈی پی ٹی وی اختیارات کا غلط استعمال کیا اور بھاری مراعات لیں۔ قومی اسمبلی اور سینٹ کی قائمہ کمیٹی کی جانب سے ارشد خان سے بطور ایم ڈی پی ٹی وی حاصل کی گئی تنخواہ اور مراعات واپس لینے کی سفارش کی گئی تاہم تاحال ارشد خان سے وصولی نہیں کی گئی۔ ارشد خان کو چیئرمین پی ٹی وی تعینات کرنا سپریم کورٹ کے احکامات کے منافی ہوگا۔ کابینہ ڈویژن ارشد خان کا معاملہ وفاقی حکومت کو ارسال کرے تاکہ ناخوشگوار صورتحال سے بچا جاسکے ۔ کابینہ ڈویژن نے فواد چودھری کے خط سے متعلق وزیراعظم کو آگاہ کردیا۔ وزیراعظم نے فواد چودھری کے موقف پر ناراضی کااظہار کیا ہے ۔ 92نیوز کوموصول وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری کے خط کی کاپی کے مطابق ارشد خان کو چیئرمین پی ٹی وی تعینات کرانے سے متعلق ایک سمری کابینہ ارکان کو سرکولیٹ کی گئی۔ کابینہ ڈویژن نے عجلت کے باعث ارشد خان کی سمری کابینہ ممبران کو سرکولیٹ کی جس پر وفاقی وزیرفواد چودھری نے حکومتی فیصلے کے برعکس ایک مرتبہ پھر دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے اس اقدام کو خلاف قانون قراردیدیا ۔ ارشد خان کی چیئرمین پی ٹی وی تعیناتی 3اکتوبر 2018 کو بطور ڈائریکٹر نوٹیفکیشن کی بنیاد پر کی گئی ۔ فواد چودھری کے مطابق ارشد خان کی 3اکتوبر 2018کو تعیناتی نوٹیفکیشن کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا جس کے تحت ارشد خان کو 3 سال کیلئے چیئرمین پی ٹی وی تعینات کردیا گیا تھا۔ ارشد خان نے ایم ڈی کا عہدہ بھی سنبھال لیا اور 1لاکھ 76ہزار روپے ماہانہ تنخواہ کیساتھ بھاری مراعات لینے کا سلسلہ شروع کردیاتھا۔ فواد چودھری کے خط کے برعکس وزیراعظم آفس نے کابینہ ڈویژن کو ہدایت جاری کی کہ ارشد خان کوچیئرمین پی ٹی وی تعینات کرنے کیلئے احکامات جاری کئے جائیں جس کی بنیاد پر وزارت اطلاعات ونشریات نے 14اپریل کو پی ٹی وی بورڈ آف ڈائریکٹر کو مراسلہ ارسال کیا کہ ارشد خان کو پی ٹی وی کے میمورنڈم آف آرٹیکل آف ایسوسی ایشنکے آرٹیکل 95 کے تحت پی ٹی وی کا چیئرمین منتخب کیا جائے ۔ ذرائع کے مطابق ارشد خان کی چیئرمین پی ٹی وی تعیناتی کو ایک مرتبہ پھر عدالت میں چیلنج کیا جارہا ہے ۔ فواد چودھری نے عوامی سطح پر اگر ارشد خان کی تعیناتی پر تنقید کی تو انہیں وزیراعظم آفس کی جانب سے خلاف توقع صورتحال کا سامنا کرنا پڑیگا۔