ہارون آباد(نمائندہ 92نیوز‘تحصیل رپورٹر)ہارون آباد کی مقتدر سیاسی بزرگ شخصیت پاکستان کے سیاسی خاندان کے سربراہ سابق سینیٹر میاں عالم علی خان لالیکا انتقال کر گئے ،مرحوم صوبائی وزیر عشر و زکوٰۃ شوکت علی لالیکا کے چچا تھے ۔ میاں عالم علی خان لالیکا سابق وزیر خوراک و زراعت ریاست بہاولپور میاں فتح محمد خان لالیکا کے بھتیجے تھے ۔ مرحوم سابق وفاقی وزیر عبدالستار لالیکا کے چچازاد اور سابق ایم پی اے امتیاز علی خان لالیکا کے بڑے بھائی تھے ۔ تحریک انصاف کے رہنما و صوبائی وزیر عشر و زکوٰۃ شوکت علی لالیکا اور سابق ایم پی اے محمد علی خان لالیکا کے چچا اور مسلم لیگ ن کے ایم این اے میاں عالم داد لالیکاکے پھوپھا تھے ۔ عالم علی لالیکا جنرل ضیاء الحق کے دور حکومت میں اعزازی مجسٹریٹ اور 1988سے 1994تک سینٹ کے رکن بھی رہے ۔سابق صدر فارق خان لغاری اور سابق گورنر پنجاب ذوالفقار علی خان کھوسہ کے کلاس فیلو تھے ۔ ان کی نماز جنازہ آج مرکزی جناز گاہ میں دن دس بجے ادا کی جائے گی۔