اسلام آباد(نامہ نگار،این این آئی)چیئر مین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے نیب کی منزل کرپشن فری پاکستان ہے ،نیب بدعنوان عناصرکو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے کوشاں ہے ، ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ نیب کی اولین ترجیح ہے اور افسران ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کو اپنا قومی فریضہ سمجھ کر اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ ملزمان نیب پر تنقید کرنے کی بجائے اپنی توانائیاں عدالتوں میں دائر ریفرنسز کے دفاع پر خرچ کریں، عدالتوں میں ان ملزمان کیخلاف دھیلے کے نہیں بلکہ مبینہ طور پر کروڑوں اور اربوں کے ریفرنسز زیر سماعت ہیں۔چیئر مین نیب نے نیب ہیڈکوارٹرز میں جمعرات کو عوام کی بدعنوانی ، فراڈ، مضاربہ/مشارکہ ، ہائوسنگ سوسائیٹیوں، منی لانڈرنگ اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزامات سے متعلق شکایات سنیں اور قانون کے مطابق ان پر احکامات صادر کرتے ہوئے متعلقہ علاقائی دفاتر کو ریفر کرنے کے لئے ہدایات جاری کیں۔ عوام نے شکایا ت کے ازالہ او ر چئیرمین نیب کی بدعنوانی سے متعلق شکایات کے حل کے لئے کی گئی کاوشوں کو سراہا۔چیئر مین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کہا نیب نے عوام کی بدعنوانی سے متعلق شکایات کے ازالہ کے لئے اپنے دروازے کھول دیئے ہیں، تمام افسران اور اہلکارکرپشن فری پاکستان کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرتے ہوئے شکایات کی جانچ پڑتال ، انکوائریاں اور انوسٹی گیشنز ٹھوس شواہد اور قانون کے تمام تقاضوں کومد نظر رکھتے ہوئے مکمل کریں تاکہ بدعنوان عناصر کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جاسکے جہاں قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔