لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) این اے 75 ڈسکہ سے پی ٹی آئی کے امیدوار علی اسجد ملہی نے کہا ہے اس بار ن لیگ والے چیخیں نہیں مارسکیں گے ۔پروگرام کراس ٹا ک میں میزبان اسداللہ خان سے گفتگو میں انہوں نے کہا تاریخ میں پہلی بارایک ا یم این اے دو ماہ میں دوسری بار منتخب ہورہاہے ، جیت گئے تو سب سے پہلے ٹراما سنٹر بنائیں گے ،عوام میرے ساتھ مل کرڈسکہ کیلئے کچھ کریں۔ ن لیگ کی امیدوار سیدہ نوشین افتخار نے کہا پہلے بھی لوگوں نے ساتھ دیا ،الیکشن کمیشن سے اپیل ہے کہ مانیٹرنگ ٹیمیں بھیجی جائیں تاکہ دھاندلی نہ ہوسکے ، موجودہ انتظامیہ اب بھی پنجاب حکومت کے کنٹرول میں ہے ، الیکشن کمیشن ٹھیک طریقے سے کام کررہا لیکن میرے ابھی تک تحفظات ہیں ،عوام ا پنے حق کیلئے ووٹ ڈالیں ، جیت کرحلقے میں سارے کام کرائوں گی۔ن لیگ کے رہنما عطااللہ تارڑ نے کہایہاں کے لوگوں میں بہت غصہ پایا جاتا ہے کہ ان کا ووٹ چوری کیا گیا،اسجدملہی کیوں میدان سے بھاگ رہے ہیں ۔ڈی پی او عبدالغفار قیصرانی نے کہا اس بارہم نے بہت زیادہ پولیس تعینات کی اور حلقے کو چار زونز میں تقسیم کیا ،امید ہے کہ یہ الیکشن پرامن طریقے سے ہوگا،ہم غیر جانبدارانہ انداز میں قانون کے مطابق کام کررہے ہیں۔نمائندہ 92نیوز حامد کاہلوں نے کہا حالات کنٹرول میں ہیں، چار ہزار چار سو کے قریب پولیس اہلکار تعینات ہیں، رینجرز اہلکار بھی پولنگ سٹیشن کے با ہر کھڑے ہونگے ، مقابلہ کانٹے کا ہوگا۔حلقہ این اے 75 ڈسکہ سے مختلف ووٹرز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا پی ٹی آئی اس حلقے سے جیتے گی،ن لیگ کے سپورٹرزنے کہاہم میدان ماریں گے کیونکہ ہماری جماعت نے کام کرکے دکھایا، ایک شخص نے کہا جیتے نہ جیتے میں ووٹ پی ٹی آئی کو دوں گا۔ ایک اور ووٹر نے کہان لیگ جیتے گی،ٹرن آئوٹ کم رہے گا، حلقہ ن لیگ کا گڑھ ہے ۔