اسلام آباد،لاہور (نیٹ نیوز،اپنے سٹاف رپورٹر سے ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی گلبرگ کی رہائش گاہ کی نیلامی روک دی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس لبنیٰ سلیم پرویز نے اسحاق ڈار کی اہلیہ تبسم اسحاق کی گھر کی نیلامی کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کی جس میں اسحاق ڈار کی جائیداد ضبطگی کے بعد نیلامی کے احکامات کو چیلنج کیا گیا تھا۔درخواست میں کہا گیا کہ گلبرگ 3 لاہور کا گھر اسحاق ڈار نے 14 فروری 1989 کو حق مہر میں اہلیہ کو دیا تھا، اہلیہ کی جائیداد ضبطگی اور نیلامی کے احکامات درست نہیں۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست پر مختصر سماعت کے بعد احتساب عدالت کے فیصلے پر حکم امتناع جاری کردیا اور فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 13 فروری تک جواب طلب کرلیا۔دوسری جانب عدالتی فیصلے سے قبل لاہور میں اسحاق ڈار کے گھر کی نیلامی کے لیے ٹیم پہنچی تھی، اس موقع پر اسحاق ڈار کی فیملی کے وکلا بھی موقع پر موجود تھے ۔وکلا اور نیلامی کے لیے موجود ٹیم میں بحث مباحثہ ہوا اور انتظامیہ کی جانب سے وکلا کو دستاویز وصول کرنے کی درخواست کی گئی جس سے وکلا نے انکار کردیا،انتظامیہ کی جانب س گھر ہجویری ہاؤس پر نیلامی کا بینر لگادیا گیا۔بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن ذیشان رانجھا نے بتایا کہ نیلامی کا عمل روک دیا گیا ، آج کوئی بھی بولی دینے نہیں آیا۔