اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)پاکستان نے خبردار کیا ہے کہ اگربھارت نے گلگت بلتستان یا آزاد جموں و کشمیر میں کوئی بھی مہم جوئی کی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائیگا، پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کرتا رہے گا، افغانستان میں امن و استحکام پورے خطہ کے مفاد میں ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ بھارتی قیادت کو پاکستانی قوم کے عزم اور صلاحیت اور ہماری مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت اور جنگی تیاریوں کو نظر انداز نہیں کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا بھارت کو جنوبی ایشیامیں پائیدار امن و استحکام کیلئے ہمسایہ ملکوں کے ساتھ مسئلہ کشمیر سمیت تمام معاملات کو پرامن طریقے سے حل کرنا چاہئے ۔ ترجمان نے کہا بھارت پاکستان کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا مہم اور فرضی کہانیوں سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کشمیریوں کو اقلیت میں تبدیل کرنے اور دیگر غیر قانونی اقدامات سے متعلق عالمی توجہ ہٹا نہیں سکتا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا اسرائیل اور مشرق وسطیٰ سے متعلق واضح موقف ہے ۔ انہوں نے بتایا بوسنیا کے صدر کا دورہ ری شیڈول ہو رہا ہے ، حتمی تاریخ کا اعلان بعد میں کریں گے ۔ترجمان کا کہنا تھا چین مین طلبہ ویزے سے متعلق پابندی صرف پاکستان کیلئے نہیں، تمام ممالک کیلئے ہے ۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان کی ورچوئل کانفرنس روس میں ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا جلال آباد بھگدڑ کے متاثرین کے اہلخانہ سے بھرپور ہمدردی کرتے ہیں، بھگدڑ پاکستانی قونصل خانے سے 5 میل دور ایک سٹیڈیم میں مچی۔ سٹیڈیم کے سارے انتظامات صوبائی افغان انتظامیہ دیکھ رہی تھی۔ فیٹف میں پاکستان کیخلاف سعودی ووٹ کی خبر کی تردیدکرتے ہوئے ترجمان نے کہا دونوں ممالک میں مضبوط برادرانہ تعلقات قائم ہیں اور ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے رہے ہیں۔ایف اے ٹی ایف44بھارتی بینکوں کے منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنانسنگ میں ملوث ہونے کا جائزہ لے گی۔