اسلام آباد، راولپنڈی (سٹاف رپو رٹر ، نامہ نگار خصوصی )اسلام آباد ایئرپورٹ سے بلیک لسٹ امریکی خاتون کو بالآخر ڈی پورٹ کردیا گیا، پی کے 701 امریکی خاتون کو لے کرمانچسٹر چلی گئی، 7 نومبر کو پرواز پی کے 702 کے ذریعے مانچسٹر سے اسلام آباد پہنچنے والی بلیک لسٹ 80 سالہ معمر امریکی خاتون اموڈ مرے کو اسلام آباد ایئرپورٹ سے مانچسٹر ڈی پورٹ کردیا گیا ہے ۔ خاتون کو امریکی سفارت خانے کے حکام ، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے ) اور پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے ) کے عملے نے بمشکل ڈی پورٹ ہونے پر راضی کیا، نام بلیک لسٹ میں ہونے کے باجود امیگریشن اہلکاروں کی مبینہ غفلت کے سبب انہیں پاکستان میں انٹری دے دی گئی، 6 ماہ قبل بھی اموڈ مرے کو 6 ماہ ویزے پر پاکستان میں 6 سال گزارنے پر بلیک لسٹ کیا گیا تھا، امیگریشن اہلکاروں کو غفلت کا احساس ہوا تو ہوٹل میں رہائش پذیر خاتون کو ائیرپورٹ بلوایا اور واپس جانے کا کہا لیکن امریکی شہری نے واپس جانے سے انکار کرتے ہوئے ائیرپورٹ پر ہی احتجاج شروع کردیا، موڈ مرے کا کہنا تھا اس کے والد ٹیکسلا کے قبرستان میں دفن ہیں اور وہ پاکستان میں ہی جینا اور مرنا چاہتی ہے ، دور وز سے خاتون کو طیارے پر سوار کرانے کی کوشش کی جاتی رہی تھی۔