لاہور(نمائندہ خصوصی سے ) غیر قانونی طور پر اسلحہ کی فروخت روکنے کے لیے محکمہ داخلہ نے کمپیوٹرائزڈ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ۔ پائلٹ پراجیکٹ بطور ٹیسٹ رن لاہور سمیت چند اضلاع سے شروع کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے چند اضلاع میں ابتدائی طور پر پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا۔ ہر اسلحہ ڈیلرز کی دکان پر کمپیوٹرائزڈ سسٹم نصب کروائے جائیں گے جس کا سرور محکمہ داخلہ میں ہوگا۔ نظام کمپیوٹرائزڈ ہونے سے کوئی بھی اسلحہ ڈیلر بغیر لائسنس والے افراد کو اسلحہ فروخت نہیں کر سکے گا۔ ڈیلرز اسلحہ کی فروخت کرتے وقت کمپیوٹر میں ایک بھی گولی خریدنے والے لائسنس نمبر اور فروخت شدہ اسلحے کا اندراج لازمی کرے گا۔ ہر ڈیلر کے پاس موجود اسلحہ کی تعداد کا مکمل ریکارڈ ڈی سیز کے پاس موجود ہے جس کا آڈٹ کیا جاتا ہے ۔