اسلام آباد، جہلم(این این آئی، صباح نیوز)وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ چیئرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی کے معاملے پر شہباز شریف اور ان کی پارٹی نے بلیک میل کیا، چھوٹا بھائی بڑے بھائی کی کرپشن کا احتساب کیسے کریگا ،اخلاقی طور پر شہباز شریف کو چاہیے کہ وہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سربراہی قبول نہ کریں ،نوازشریف جلد ہی جیل میں ہونگے ۔انہوںنے میڈیا سے گفتگو میںکہا کہ اپوزیشن غیر جمہوری ہتھکنڈے استعمال کر کے پارلیمانی عمل کی راہ میں رکاوٹ پیدا کررہی ہے ،اسمبلی میں قومی ایشوز پر بحث ہونی چاہیے لیکن قو می اسمبلی نیب کے ملزموں کا اکھاڑہ بن گئی ، تمام ملزم صفائیاں دینے کیلئے قومی اسمبلی کا فورم استعمال کررہے ہیں، اپوزیشن کا ایجنڈہ صرف یہ ہے کسی طرح مقدمات سے جان چھڑائی جاسکے ۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری کا مقصد اس کے علاوہ کچھ نہیں کہ جو پیسے پچھلے 10سال میں کمائے ان کو محفوظ کرسکیں،مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے تمام اداروں کا بیڑا غرق کردیا ، اب ہم ریزہ ریزہ لے کر نیا پاکستان بنا رہے ہیں، حکومت عوام سے کیے گئے وعدو ں پر قائم ہے اور دھیر ے دھیرے آگے بڑھ رہی ہے ۔فواد چودھری کا کہنا تھا کہ اقتدار میں رہنے والی جماعتوںکا احتساب بلا امتیاز ہورہا ہے ، تحریک انصاف اقتدار کا حصہ نہیں رہی، اس لئے اس کے ارکان کو گرفتار نہیں کیا جا سکتا، کے پی کے میں تحریک انصاف کی حکومت کے حوالے سے جن پر الزامات ہیں وہ نیب میں جواب دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو چیئرمین پی اے سی اس لیے بنایا جارہا ہے کہ پارلیمان نہیں چل رہی تھی، شہبازشریف اور ان کی پارٹی نے بلیک میل کیا جس کی وجہ سے چیئرمین بنانے کا فیصلہ کیا گیا ۔وفاقی وزیرنے کہا کہ راناثنااﷲ کو پہلے سانحہ ماڈل ٹائون پر گرفتار کرنا چاہیے ۔