لاہور (نامہ نگارخصوصی،92نیوزرپورٹ) لاہور ہائیکورٹ میں اشیائے خورونوش کی قیمتیں کنٹرول نہ کرنے کے خلاف درخواست دائر کر دی گئی جس میں مہنگائی کے خلاف اقدامات کرنے کی استدعا کی گئی ہے ،لاہور ہائیکورٹ کا سنگل بنچ کل درخواست پر ابتدائی سماعت کرے گا۔ادھروفاقی وزیر فیصل واوڈا کی نا اہلی اور لائیو شو میں الزمات لگانے کے معاملے کی جوڈیشل انکوائری کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی، امن ترقی پارٹی کے چئیرمین فائق شاہ نے ایڈووکیٹ میاں آصف کی وساطت سے دائردرخواست میں وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن اور فیصل واوڈا کو فریق بناکر موقف اختیار کیا کہ وزیرنے لائیو شو میں مسلم لیگ ن پر بوٹ پالش کرنے اور چاٹنے کے سنگین الزامات عائد کیے ، فیصل واوڈا نے ملکی اداروں پر سنگین سیاسی الزامات لگا کر اپنے حلف سے غداری کی ،وہ آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت پارلیمنٹ و کابینہ کا حصہ نہیں رہ سکتے ،عدالت الیکشن کمیشن کوانہیں نااہل قرار دینے اورانکوائری کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کا حکم دے ۔92نیوزرپورٹ کے مطابق چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ کل درخواست پرسماعت کریں گے ۔دوسری جانب لیگی رکن قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق نے پروڈکشن آرڈر پرعملدرآمد کرانے کیلئے پنجاب حکومت کیخلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔ درخواست میں پنجاب حکومت، نیشنل اسمبلی کے سیکرٹری، چیف سیکرٹری سمیت دیگر کو فریق بناکرموقف اختیار کیا گیا کہ اسمبلی قوانین کے مطابق سپیکر اور چئیرمین سٹینڈنگ کمیٹی کسی بھی ملزم کا پروڈکشن آڈر جاری کر سکتے ہیں اور متعلقہ ادارے پروڈکشن آڈر پر عملدرآمد کرانے کے پابند ہوتے ہیں، سٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کیلئے 20 اور 21 جنوری کے پروڈکشن آڈر جاری کئے گئے جبکہ پنجاب حکومت درخواست گزار کو بنیادی حقوق فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی،عدالت سیکرٹری نیشنل اسمبلی کو پروڈکشن آرڈر ہر عملدرآمد کرانے کا حکم دے ۔