اسلام آباد (صباح نیوز،این این آئی)اٹلی کے سیکرٹری جنرل ڈیفنس اور نیشنل آرمامنٹس ڈائریکٹر لیفٹیننٹ جنرل نیکولو فالساپرنا نے نیول چیف اوروائس ایئر چیف سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق اٹلی کے سیکرٹری جنرل ڈیفنس نے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے نیول ہیڈ کواٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران پیشہ وارانہ امور اور باہمی دفاعی اشتراک پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے خطے میں قیام امن کے سلسلے میں پاک بحریہ کے کردار پر روشنی ڈالی۔ لیفٹیننٹ جنرل نیکولو فالسانے امن و استحکام کو یقینی بنانے میں پاک بحریہ کے کردار کو سراہا۔ لیفٹیننٹ جنرل نکولو فالسا ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ ایئر ہیڈ کوارٹرزآمد پر وائس چیف آف ائیر سٹاف ائیرمارشل عاصم ظہیر نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ پاک فضائیہ کے چاق وچوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔اطالوی جنرل نے یاد گارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور وائس چیف آف ائیر سٹاف سے انکے آفس میں ملاقات کی،ملاقات میں پیشہ ورانہ دلچسپی اور باہمی تعاون کے امور پر تباد لہ خیال کیا۔