اسلام آباد(خبر نگار)سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی کیخلاف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی آئینی درخواست کی سماعت کیلئے 10رکنی فل کورٹ بینچ تشکیل دیدیا گیا ہے ۔جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں فل کورٹ بینچ منگل ( 24ستمبر) کو سماعت کرے گا۔ فل کورٹ بینچ کے دیگر ججوں میں جسٹس مقبول باقر، جسٹس منظور احمد ملک، جسٹس فیصل عرب ، جسٹس سجاد علی شاہ، جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل، جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس قاضی محمد امین شامل ہیں۔جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے صدارتی ریفرنس کیخلاف سپریم کورٹ میں آئینی پٹیشن دائر کی تھی جس میں سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی کی شفافیت پر سوالات اٹھاتے ہوئے کونسل کو مزید کارروائی سے روکنے جبکہ صدارتی ریفرنس کو بدنیتی پر مبنی قرار دے کر کالعدم کرنے کی استدعا کی تھی۔ 7رکنی لاجر بینچ کی گزشتہ سماعت پر درخواست گزار کے بینچ میں شامل دو ججوں جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس سردار طارق مسعود پر اعتراض کے ساتھ متفرق درخواست کے ذریعے ان ججوں کافل کورٹ تشکیل دینے جو سپریم جوڈیشل کونسل کے ممبر نہیں کی استدعا کی گئی تھی۔