لاہور(خبرنگارخصوصی) پیپلز پارٹی پنجاب نے پی آئی سی واقعہ کو بدترین سانحہ اور اس کا ذمہ دار حکومت پنجاب کو قرار دیتے ہوئے وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے ۔ پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمرزمان کائرہ نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر وکلا کے حملے کو ایک سانحہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا ہسپتال پر حملہ دوہرا سانحہ ہے ، ایک تو ہسپتال پر حملہ دوسرا پڑھے لکھے وکلا طبقے کی طرف سے حملہ ۔ احتجاج کے نام پر کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، ہسپتال پر حملے اور توڑ پھوڑ کا واقعہ شرمناک ہے ۔ انہوں نے وکلا اور ڈاکٹروں کے درمیان تنازع کا ذکر کرتے ہوئے کہا کشیدہ مسئلے کو نظر انداز کر کے حکومت نے نااہلی کامظاہرہ کیا۔ جو کچھ بھی ہوا اس کی ذمہ دار حکومت ہے ۔ پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری چودھری منظور نے کہا حکومت چاہتی تو اس سانحہ سے بچا جا سکتا تھا مگر حکومتی نااہلی نے ایسے سانحہ کو جنم دیا ہے جس نے پاکستانیوں کے سر شرم سے جھکا دئے ۔ سیکرٹری اطلاعات و پارلیمانی لیڈر پی پی پنجاب سید حسن مرتضی نے کہا پی آئی سی سانحہ عمران خان اور ان کے شیر شاہ سوری کی کارکردگی کا خمیازہ ہے ۔ عمران خان ملک کو انارکی کی طرف دھکیل ر ہے ہیں ۔ سانحہ پی آئی سی کا ذمہ دار نیازی اور اس کی نالائق ٹیم ہے ۔ عمران نیازی اور ان کے شیر شاہ سوری استعفیٰ دیں گھر جائیں اور ملک کی جان چھوڑیں۔