اسلام آباد (ملک سعیداعوان ) حکومت کی جانب سے اداروں میں اصلاحات کیلئے قائم کردہ ٹاسک فورس نے اعلیٰ افسران کی استعداد کاراورمہارت بڑھانے کے لئے اہم سمری کابینہ ڈویژن کو ارسال کر دی ۔سمری میں ٹریننگ دینے والے اداروں میں خودمختار بور ڈ بنانے ، ان اداروں کو تمام بڑی یونیورسٹیوںاور ریسرچ کے اداروںسے لنک کرنے کی تجاویزدی گئی ہیں ۔ روزنامہ 92 نیوز کودستیاب دستاویز کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے کابینہ کو ارسال کردہ سمری میں اداروں کو عالمی اور قومی معیار کے مطابق مزید ذمہ دار اور مئوثربنانے کے لئے اقدامات تجویز کئے گئے ہیں۔ ٹریننگ کی اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے پروموشن بورڈ میں ٹریننگ کے نمبر 15 سے بڑھا کر 35 فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے ۔ افسران کی مہارت ، رویہ میں بہتری ، تجربے اور ایشوز سے متعلق گہری سمجھ کے لئے عالمی معیار کی تربیت دینا ہو گی ۔ سول سروس اکیڈمی میں لازمی تربیت کو دو مراحل میں تقسیم کرنے کی تجویز دی گئی، ایک میں کامن ٹریننگ جس میں ایم سی ایم سی ، ایس ایم سی ، این ایم سی ، این ڈی یو شامل ہے ۔ دوسری میں ایک سپیشلائزڈ ٹریننگ انسٹیٹیوٹ میں تربیت ہو اور ایکس کیڈر سپیشلسٹ کے لئے متعلقہ وزارت یا ڈویژن خصوصی ٹریننگ کرائے جو کہ اگلے گریڈ میں ترقی سے لنک ہو ۔ نیشنل سکول آف پبلک پالیسی میں ہونے والی ٹریننگ میں معیار ، مانیٹرنگ اور کوالٹی اسسٹنٹس دی جائے ۔ادارے کی جانب سے تربیت کی سلیکشن ، ڈیزائن اور کورس کی ڈلیوری ڈی سینٹرلائزڈ ہو۔