لاہور( این این آئی)کاشانہ ویلفیئر ہوم کی سابقہ سپرنٹنڈنٹ افشاں لطیف نے کہا ہے عدالتی جنگ اپنی نوکری کے لئے نہیں بلکہ یتیم بچیوں کو استحصال سے بچانے اورجبری شادیوں سے بچانے کے لئے ہے ، جب تک شفاف انکوائری نہیں ہوتی اور مجرموں کو سزا نہیں ملتی میں کوئی دوسرا عہدہ بھی قبول نہیں کروں گی ، اپنے ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کاشانہ میں جو بھی صورتحال ہوئی اس معاملے پر راجہ بشارت اور اجمل چیمہ کی جانب سے مجھ پر تین الزامات لگائے جارہے ہیں ،کہاگیا کہ میں نے کرپشن کی ہے ، 16اگست سے پہلے مجھ پر نہ تو کوئی کرپشن کا الزام تھا اورنہ ہوئی کوئی انکوائری ہوئی ، ایسی کوئی انکوائری ہوئی تھی یا کرپشن کا الزام تھا تو اس کا تحریری یا کوئی زبانی ثبوت ہی لے آئیں، مجھ پر دوسرا الزام شادی کا لگایا گیا ، میرا ان سے بڑی معذرت کے ساتھ سوال ہے شادی تو خاتون اول بشریٰ بی بی نے بھی عمران خان صاحب سے کی ہے ، یہاں بات جبری شادیوں کی ہو رہی ہے ۔ پھر کہا گیا یہ ٹرانسفر پوسٹنگ کامعاملہ تھا لیکن پوری دنیا میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی کہ کسی سرکاری افسر کے خلاف ادارے میں پولیس بلائی جائے اورداخلی دروازہ توڑ دیا جائے اور سرکار ی افسر کو گرفتار کر لیا جائے ۔