کراچی (شوبز ڈیسک) معروف پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کہا کہ ہر چیز کی قدر وقت کے ساتھ ساتھ سمجھ آئی ،اب مجھے سمجھ نہیں آتا کہ اتنی نعمتوں کا رب سے شکر کیسے کروں، اہلیہ میری مصروفیت کے حوالے سے کبھی شکایت نہیں کرتی، پرانے آرٹسٹ ہمارا فخر، ان کی تعریف سے دل بڑا ہو جاتا ہے ۔ایک انٹرویو میں عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم نے کہا کہ میں نے پچھلے 16، 17 سالوں سے بہت محنت کی، آرٹسٹ کی زندگی میں ایک وقت ایسا بھی آتاہے کہ وہ خود کو روبوٹ محسوس کرتا ہے ۔ اہلیہ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مصروفیت کے حوالے سے وہ کبھی شکایت نہیں کرتی کیونکہ اس نے مجھے دیکھ کرشادی کی اورمیں نے اہلیہ سے اس لئے شادی کی کیونکہ اسے میرا میوزک پسند نہیں، اہلیہ بہت خوبصورت انسان ہیں، میں نے شادی سے پہلے چند دوستوں کے علاوہ کبھی انہیں کس سے نہیں ملایا نہ کبھی یہ کہا کہ میری گرل فرینڈ ہیں، میں مشہور تھا اور نہیں چاہتا تھا اس کا نام اس وقت میرے نام کے ساتھ جڑے کیونکہ پھراس کے گھر میں مسئلے ہوتے ، وہ اس طرح کی بالکل نہیں۔عاطف اسلم نے کہا کہ بیٹیاں رحمت ہوتی ہیں، جب میری بیٹی ہوگی تو بہت خوشی ہوگی کیونکہ ہم چاربھائی ہیں، تو گھر میں صرف والدہ ہی تھیں، ایک جگہ خالی ہی رہی۔ عاطف اسلم نے کہا کہ میرے والدین بہت سادہ لوگ ہیں ۔