لاہور(کلچرل رپورٹر)ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمرا اطہر علی خان نے کہا کہ الحمرا میں ہونے والے کمرشل سٹیج ڈراموں کے معیار پر کسی بھی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، عوام کو معیار ی اور صاف ستھری تفریح فراہم کرنے کے لئے کمرشل ڈراموں کی مانیٹرنگ سخت کی جائے ،تمام سٹیج منیجر اپنی ڈیوٹی کے دوران ہال میں موجود رہیں اورڈرامہ سکرپٹ کے مطابق کروایا جائے ،کسی قسم کی غفلت نہ کی جائے ،ڈرامے کے دوران ہالز میں صفائی ستھرائی یقینی بنائی جائے ،تمام امور میں میرٹ اور شفافیت کو ترجیح دی جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے الحمرا کمیٹی روم میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر آرٹس اینڈ کلچر ذوالفقار علی زلفی، ڈپٹی ڈائریکٹر کلچرل کمپلیکس نوید الحسن بخاری، اسٹیج منیجرز حاجی عبدالرزاق، سبط الحسن ، رائے منظوراورمحمد اعظم نے شرکت کی۔