کراچی(کامرس رپورٹر)ملک میں ڈالرکی بلندی کی طرف پرواز مسلسل جاری ہے ۔جمعرات کو انٹر بینک میں 10پیسے اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید166.80 سے بڑھ کر166.90اور قیمت فروخت 166.90سے بڑھ کر167روپے پر جا پہنچی ۔اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں20پیسے اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید 167سے بڑھ کر167.20اور قیمت فروخت167.40 سے بڑھ کر167.60روپے ہو گئی ۔ادھر گزشتہ روزپاکستان سٹاک مارکیٹ میں مندی کا رجحان رہا ۔ افغانستان کی صورتحال، ملک کے بڑے شہروں میں لاک ڈاؤن کی سختیوں اور پی ڈی ایم کی جانب سے حکومت کے خلاف تحریک کو دوبارہ متحرک کئے جانے کے باعث سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے اعتماد کو دھچکا پہنچا اور انہوں نے حصص کی فروخت کو ترجیح دی۔گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس510پوائنٹس کمی سے 46903پوائنٹس پر بند ہوا۔مارکیٹ کے سرمایہ کے حجم میں67ارب روپے کی کمی دیکھی گئی جس سے مارکیٹ کے سرمایہ کا حجم گھٹ کر82کھرب40ارب روپے کی سطح پر آگیا۔اس دوران 54کروڑ44لاکھ حصص کاکاروبارہوا۔علاوہ ازیں عالمی منڈی میں سونے کے نرخوں میں اضافے کے باوجود مقامی مارکیٹ میں سونے کی فی تولہ قیمت1لاکھ11ہزار اوردس گرام سونے کی قیمت 95ہزار165روپے جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت 1430روپے کی سطح پر مستحکم ریکارڈ کی گئی۔