لاہور،ملتان(سٹاف رپورٹر،خبر نگار)تحریک لبیک پاکستان کے امیر علامہ خادم حسین رضوی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حالیہ انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کے خلاف آج لاہور میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا،جس میں پنجاب بھر سے کارکنان شرکت کریں گے ۔ احتجاجی مارچ داتا دربار سے اسمبلی ہال تک ہو گا، انہوں نے کہا کہ الیکشنز میں ہمار ا بھاری مینڈیٹ چوری کیا گیا ہے جسے کسی صورت قبول نہ کیا جائے گا،بیرونی طاقتوں کے ایما پر تحریک کے خلاف منظم دھاندلی کی گئی ہے ، اسلام دشمن قوتیں تحریک کو اقتدار میں نہیں دیکھنا چاہتیں،کیونکہ وہ اسلام اور نظریہ پاکستان کی طاقت سے خوفزدہ ہیں۔دوسری طرف تحریک لبیک پاکستان کے مرکزی امیر علامہ خادم حسین رضوی کی ہدایت پر داتا دربار کے سامنے احتجاج کرنے کے لیے ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر سے کارکنان لاہور روانہ ہوگئے ۔