لاہور( وقائع نگار ،مانیٹرنگ ڈیسک )چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے ہر حال میں ناجائز اورامپورٹڈ حکومت کو شکست دینی ہے ، بیرونی سازش سے مسلط حکومت کو شکست دینی ہے ،یہ لوگ آئین کو توڑ کر ہم پر مسلط ہوئے ہیں۔ پی پی 168 لاہورمیں ورکرزکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا لوٹوں کو ہر صورت ہرانا ہے ، لوٹے اپنے حلقوں میں کامیاب نہیں ہونگے ،گھر گھر جا کر لوگوں کو تیار کرنا ہے ،لوٹے ضمیر بیچ کر حلقے کے عوام کی توہین کرتے ہیں، پولیس کے ذریعے لوگوں کو ڈرایا جارہا اورغنڈہ گردی کی جارہی ہے ، یہ جتنی بھی دھاندلی کرلیں، ہم نے لوٹوں کو شکست دینی ہے ، ملزم حمزہ اور والد چیری بلاسم شریف کو شکست دینی ہے ، ہم ہر قسم کے حالات کا مقابلہ کرنے کو تیار ہیں۔امریکہ، چوروں اور لوٹوں کے سامنے نہیں جھکیں گے ،عمران خان نے امپورٹڈ حکومت نامنظور کے نعرے بھی لگوائے ۔ فرخ حبیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا عوام نے اپنے جذبے سے ان لوٹوں کو شکست دینی ہے ،جو لوگ ریاستی جبر سے الیکشن چھینا چاہتے ہیں وہ یاد رکھیں انہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ حماد اظہر نے کہاہم ناجائز حکومت کو شکست دیں گے ۔ یاسمین راشد ، عمر سرفراز چیمہ ،میاں محمود الرشید نے بھی ورکرز سے خطاب کیا ۔ پی پی 158میں خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا یہ صرف ایک حلقے کا الیکشن نہیں بلکہ پورے پاکستان کاالیکشن ہے ، امپائر ان کیساتھ ہے ، اسکے باوجود ان کو شکست دینگے ،یہ چور صرف امپائرکو ساتھ ملا کر ہی جیت سکتے ہیں، ضمنی الیکشن میں پیسہ بھی چل رہا ہے ،الیکشن کمیشن مکمل جانبدار ہے ، الیکشن کمیشن کو کہنا چاہتاہوں پورا ملک ضمنی انتخابات کو دیکھ رہا ،آئی جی قانون کے مطابق چلیں۔پی پی 170میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا اللہ کا شکر ہے قوم جاگ گئی ، قوم کو فرق نظر آگیا ہے آزاد ی اور غلامی کیا ہوتی ہے ، پاکستان بدل رہا ہے ، ملکر نیا پاکستان بنائیں گے ،امریکہ کے غلاموں نے آئی ایم ایف کے کہنے پر ابھی مزید مہنگائی کرنی ہے ،چوروں کو مسلط رکھا تو ملک کا کوئی مستقبل نہیں ہوگا، ہم نے آنیوالی نسلوں کیلئے لوٹوں اور چوروں کو شکست دینی ہے ،سب نے جہادسمجھ کر گھروں سے نکلنا ہے ۔ پی پی 167کے علاقہ باگڑیاں میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا سب تیاری کریں17جولائی کوالیکشن نہیں جہادہے ،سب نے ان چوروں کیخلاف حقیقی آزادی کی جنگ لڑنی ہے ،ہم نے یہ الیکشن جیت کرحمزہ کی حکومت ختم کرنی،اس کے بعدالیکشن کراناہے ،اسکے بعد ملک کے اندر حقیقی آزادی جیتنی ہے ،ساری قوم نے میرے ساتھ کھڑے ہوناہے ،یہ سیاست نہیں جہادہورہا، انہیں اسی طرح پھینٹالگائیں گے جسطرح ہم ہندوستان کو پھینٹالگاکرآئے تھے ۔قبل ازیں لاہور پہنچنے پر عمران خان نے پارٹی کی صوبائی قیادت سے انتخابی تیاریوں پر بریفنگ بھی لی ۔