اسلام آباد (آئی این پی) الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں انتخابی عملے ، امیدواروں اور سیاسی قائدین کو مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز کو خصوصی مراسلہ جاری کر دیا ، 10ہزار سے زائد سیاستدانوں کو سکیورٹی فراہم کی جائیگی۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹریز کو خصوصی مراسلہ جاری کیا ہے جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ انتخابات کے شفاف انعقاد کیلئے سکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے جائیں، انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے جلد لگائے جائیں، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، ریٹرننگ افسران اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کو بھی سکیورٹی دی جائے ۔ الیکشن کمیشن کی ہدایات کی رو سے عمران خان، شہباز شریف، آصف زرداری، بلاول زرداری، مولانا فضل الرحمان سمیت 10ہزار سے زائد سیاستدانوں کو سکیورٹی فراہم کی جائیگی۔