لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) دفاعی تجزیہ کار ایئر مارشل ریٹائرڈ شا ہد لطیف نے 92 نیوز کے پروگرام’’ 92 ایٹ 8‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پا کستان کا سب سے بڑا مسئلہ معاشی ہے ، ہم قرضوں کے تلے دبے ہوئے ہیں اس لئے بلیک میل کیاجاتا ہے ہم نے سمت کا تعین تو کرلیا ہے لیکن اب جلدی سے عمل درآمد کی جانب بڑھناچاہئے ، یو اے ای نے اسرائیل کے ساتھ جو معاہدہ کیا ہے اس سے بہت سا رے مسلما نوں کے دل دکھے ہیں اور آگے چل کر دیگرا سلامی ممالک بھی یہی عمل کرینگے پاکستان کو ساری صورتحال پر نظر رکھنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں مافیا ز کا راج ہے ،کیا مافیا حکومت پر حاوی ہوگیا حکومت جواب دے ۔اداکار جاوید شیخ نے کہا کہ ہمارا دل تو چاہتا ہے کہ پاکستان دنیا کا نمبر ون ملک بن جائے لیکن ہمیں بہت سے مسائل کا سامنا رہاہے ،کرپشن کا مسئلہ سب سے بڑی رکاوٹ ہے ، ہمارا نظام ٹھیک نہیں جس کو ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے ۔مجھے تو عمران خان اور ان کی حکومت سے بہت امید ہے ، عوام ساتھ دیں۔ معروف آرٹسٹ فخرعالم نے کہا کہ عمران خان ابھی تک عوام کی توقعات پر پورے نہیں اتر سکے ، انہیں بہت سارے چیلنجزکا سامناہے ۔ میرا ریاست کیلئے یہی پیغام ہے کہ وہ اپنی رٹ کو قائم کرے ۔ گلوکارہ حمیر اارشد نے کہا کہ پاکستان میں مافیا کسی کو کامیاب نہیں ہونے دیگا،ہم جشن آزادی تو منارہے ہیں لیکن جو اصل آزادی ہے اس سے دور ہیں لیکن مجھے امید ہے کہ حالات آگے چل کربہتر ہونگے ۔