اسلام آباد،نیامے (سپیشل رپورٹر،92 نیوز رپورٹ) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے متحدہ عرب امارات سے پاکستانی شہریوں کو ویزا کے حصول میں درپیش مشکلات کا معاملہ اُٹھا دیا۔پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے دو طرفہ تعاون میں مزید تیزی لانے کیلئے اعلیٰ سطح پر باہمی روابط میں اضافے پر اتفاق کیا ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ہفتہ کو نائیجر میں او آئی سی وزرا خارجہ کونسل کے 47 ویں اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور یو اے ای کے وزیر مملکت ریم الہاشمی کے درمیان ملاقات ہوئی۔ملاقات کے دوران فریقین نے دوطرفہ تعاون ،کوڈ 19صورتحال ، ایکسپو میں پاکستان کی شرکت اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے مابین قریبی برادرانہ تعلقات اور عوام کے درمیان رابطوں کو اجاگر کیا اور متعدد شعبوں میں متحدہ عرب امارات کے ساتھ قریبی تعاون کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیر خارجہ نے اماراتی وزیر مملکت کو یو اے ای ویزا کے حوالے سے پاکستانی شہریوں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے اس مسئلے کو جلد از جلد حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔دونوں فریقین نے او آئی سی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور امت مسلمہ کے لئے متحدہ اور بنیادی پلیٹ فارم کی حیثیت سے اس کو مزید مستحکم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ فریقین نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق بھی کیا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور انکے سوڈانی ہم منصب عمر قمرالدین اسماعیل کے مابین نائیجر کے دارالحکومت نیامی میں ملاقات ہوئی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران فریقین نے دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔وزرا خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی ، تعلیم ، صحت ، زراعت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔وزیر خارجہ نے صومالی ہم منصب احمد عیسیٰ اود سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات ،اقتصادی تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان’’انگیج افریقہ‘‘ حکمت عملی پر عمل پیرا ہے ، باہمی سطح پر سکیورٹی، تعلیم، صحت، زراعت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے مواقع موجود ہیں۔صومالی وزیر خارجہ نے بتایا کہ صومالیہ، انسداد دہشتگردی بارے پاکستانی تجربات سے استفادہ حاصل کرے گا۔وزیر خارجہ شاہ محمود کی صومالی تعمیر و ترقی، معاشی بحالی میں تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔علاوہ ازیں وزیرخارجہ نے نائجرکے وزیراعظم برجی رافینی سے بھی ملاقات کی،ملاقات میں دوطرفہ تعلقات،اقتصادی و تجارتی تعاون،مقبوضہ کشمیرکی صورتحال پرتبادلہ خیال کیاگیا۔وزیرخارجہ نے نائجر کی میزبانی میں 47ویں اوآئی سی وزارتی کونسل اجلاس کے انعقادپرمبارکباددی۔شاہ محمودقریشی نے اقوام متحدہ،اوآئی سی میں مسئلہ کشمیرپرمسلسل حمایت پروزیراعظم نائجرسے اظہار تشکرکیا۔وزیر خارجہ نے کہاپاکستان نائجرسیلاب متاثرین کیلئے امداد،200طلبہ کووظائف فراہم کرے گا،وزیرخارجہ نے نائجرکوطبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ’’نائجرپاکستان صحت راہداری‘‘کی تشکیل کی پیشکش کی۔وزیرخارجہ نے کہاپاکستان زراعت،آبپاشی،بنیادی ڈھانچے کی ترقی کیلئے نائجرکی معاونت کریگا۔وزیرخارجہ نے وزیراعظم نائجرکودورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔