اسلام آباد، ملتان (سپیشل رپورٹر،خبر نگار، مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ انہوں نے یو اے اے کی قیادت کو بتادیا ہے کہ مسئلہ فلسطین کے حل تک اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے ۔ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران انہوں نے ابوظہبی ،شارجہ اور دبئی میں پاکستانیوں کے مشکلات پر بات کی، پاکستانیوں کیلئے متحدہ عرب امارات کے ویزوں کا مسئلہ عارضی ہے ، متحدہ عرب امارات یا سعودی عرب بھارت کو پاکستان پر فوقیت نہیں دیتے ، بہت جلد عرب امارات کی قیادت پاکستان کادورہ کرے گی۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے عرب امارات قیادت سے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار پر بات کی، اسرائیل کے بارے میں عرب امارات کا موقف بھی سنا اور اسرائیل سے تعلقات کے بارے میں واضح موقف پیش کیا، ہمیں کسی کے دباؤ پر نہیں پاکستان کو سامنے رکھ کر فیصلے کرنے ہیں، اسرائیل سے متعلق نہ تو ہم دباوَ برداشت کریں گے اور نہ ہی ہم پر کوئی پریشر ہے ، میں نے واضح کردیا کہ فلسطین اور مسئلہ کشمیرپر ہمارا موقف دنیا پر عیاں ہے ، مسئلہ فلسطین کے حل تک اسرائیل سے تعلق نہیں رکھیں گے ۔نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت مسلسل سیزفائر کی خلاف ورزی کر رہا ہے ، ایل او سی پر یو این آبزرور کی گاڑی پر حملہ انتہائی تشویشناک ہے ۔وزیرخارجہ نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ امن برقرار رہے اور خطے کی صورتحال میں مزید بگاڑ پیدا نہ ہو، اطلاعات ہیں کہ بھارت بہانہ بنا کر کوئی سرجیکل اسٹرائیک کرسکتا ہے ،بھارت نے کوئی غیر ذمہ دارانہ حرکت کی تو اسے بروقت اور مناسب جواب ملے گا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی ڈی ایم میں ایک حصہ استعفے دینا چاہتا ہے ایک حصہ مخالف ہے ، اگر وہ استعفوں میں سنجیدہ ہیں تو اس میں رکاوٹ کیا ہے ؟، اپوزیشن اپنے استعفے اسپیکر کے پاس فوری طور پر جمع کروا سکتی ہے ۔ دریں اثنا ملتان میں برصغیرپاک و ہند کے عظیم روحانی پیشوا شاہ رکن الدین عالم سہروردی کے 707 ویں عرس مبارک کی تقریبات کا گزشتہ روز آغاز ہوگیا۔اس موقع پر سجادہ نشین شاہ محمود قریشی نے مزار شریف کو عرق گلاب سے غسل دیا ، چادر پوشی کی اور دعا کرائی۔ انہوں نے دعا کراتے ہوئے کہا کہ اس وقت مسلمان کشمیر ،فلسطین میں مصیبت میں ہیں، اللہ ان کو مصیبت سے نجات دلائے ، عالم اسلام کے خلاف ہونے والی سازشیں ناکام ہوں اور اللہ پاکستان اور ملتان کی خیر فرمائے ۔