اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیرِاعظم عمران خان نے کہاہے کہ سالہا سال سے غیر استعمال شدہ اربوں کی جائیدادوں کو مثبت طریقے سے بروئے کار لانا اور ان سے حاصل ہونے والی آمدنی کو عوام کی فلاح و بہبود اور سکولوں، کالجوں، ہسپتالوں جیسی بنیادی سہولتوں کی بہتری کے لئے استعمال کرنا موجودہ حکومت کی پالیسی کا اہم جزو ہے ،اربوں کی جائیدادوں کے باوجود وفاقی حکومت کے مختلف ادارے اربوں روپے کا سالانہ خسارہ اٹھا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کووزیر اعظم آفس میں مختلف وزراتوں اور وفاقی حکومت کے اداروں کی غیر استعمال شدہ املاک کو مثبت طور سے بروئے کار لانے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری نجکاری رضوان ملک نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاپہلے مرحلے میں مختلف وزارتوں کی جانب سے اب تک 32املاک کی نشاندہی کی گئی، ان املاک کی مارکیٹنگ دبئی ایکسپو میں کی جائے گی۔انہوں نے کہا ماضی میں ان بیش قیمت جائیدادوں کو استعمال میں نہ لاکر مجرمانہ غفلت کا مظاہر ہ کیا گیا۔ وزیرِ اعظم نے کہا غیر استعمال شدہ املاک کی نشاندہی نہ کرنے والے یا ان کو مثبت طریقے سے بروئے کار لانے میں رکاوٹ پیدا کرنے والے سرکاری افسران و ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔علاوہ ازیں وزیراعظم سے وزیر برائے ہائر ایجوکیشن پنجاب راجہ یاسر ہمایوں نے ملاقات کی۔ وزیر اعظم آفس کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں ہائر ایجوکیشن کے فروغ، طلبہ کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور مستقبل کی قیادت کو پروان چڑھانے کے حوالے سے جامع اور قابل عمل ضابطہ اخلاق مرتب کرنے اور مجوزہ قانون سازی پر تبادلہ خیال کیاگیا۔