لاہور( این این آئی )آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت ایف بی آر کی جانب سے چھاپے مار کر ہراساں کرنے کے سلسلے کو فی الفور بند کرائے ،23جنوری کو بجٹ میں ود ہولڈنگ ٹیکس کے مکمل خاتمے کا اعلان کیا جائے ، اعلان کے باوجود انار کلی سمیت دیگر تجارتی مراکز میں پارکنگ پلازوں کی تعمیر میں پیشرفت نہ ہونے پر تاجروں میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ان خیالات کا اظہارا نہوں نے اپنے دفتر میں ہنگامی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر مختلف مارکیٹوں کے تاجر نمائندے بھی موجود تھے ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ ٹیکس دینے والوں کو شک کی نگاہ کی دیکھنے کی پالیسی خود حکومت کیلئے سود مند نہیں۔ کسی بھی مارکیٹ میں چھاپے سے قبل متعلقہ ایسوسی ایشن او ریونین کے عہدیداروں کو اعتماد میں لیا جائے ۔