لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب بھرمیںانفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹیلی میڈیسن کو فروغ دینگے اور دوردراز علاقوں میں موجود مریض ٹیلی میڈیسن کے ذریعے سپیشلسٹ سے طبی مشاورت لے سکیں گے ،تونسہ اور ڈی جی خان میں جلد ٹیلی میڈیسن کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا ، پسماندہ اور محروم علاقوں کے نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے روزگار مہیا کریں گے اور فری لانسنگ کے ذریعے نوجوانوں کو برسرروزگار کیا جائیگا، دور دراز علاقوں میں ای خدمت سنٹر، ای روز گار سنٹر اور ای ارن مراکز بھی قائم کئے جائیں گے ،ڈیرہ غازی خان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی کا سب کیمپس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق سپیشل اکنامک زون قائم کرنے کا جائزہ لیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار ارفع کریم ٹیکنالوجی پارک میں دیگر شہروں اور ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والی مختلف شعبہ ہائے زندگی کی شخصیات سے دوران ملاقات گفتگو کرتے ہوئے کیا، دریں اثنا وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ارفع کریم ٹیکنالوجی پارک میں منعقدہ اجلاس میں سی پیک کے تحت جاری منصوبوں اور مستقبل کے ترقیاتی پراجیکٹس کا جائزہ لیا گیا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ پسماندہ علاقوں کے عوام کی تقدیر بدلنے کے لئے سپیشل اکنامک زون بنائیں گے ،سی پیک کے تحت تونسہ شریف میں رودکوہی کا پانی محفوظ کرنے کیلئے منی ڈیم بنانے کا جائزہ لیا جائے گا، ملتان نشتر ٹو پراجیکٹ کی تکمیل اور ڈیرہ غازی خان میں کینسر ہسپتال کا منصوبہ بھی زیر غور ہے ۔قبل ازیں عثمان بزدار کی زیرصدارت لاہورڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کے اجلاس میں ایل ڈی اے کے مختلف امور پر تفصیلی غور کیا گیا، اجلاس میں ایل ڈی اے اربن ڈویلپمنٹ ونگ، واسا اور ٹیپا کے مالی سال 2018-19 کے بجٹ ،ایل ڈی اے اربن ڈویلپمنٹ ونگ، واسا اور ٹیپا کے نظرثانی شدہ تخمینہ جات برائے مالی سال 2017-18 کی بھی منظوری دی گئی۔ادھر ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کی ، وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہاکہ جنوبی پنجاب کی ترقی کے لئے عملی اقدامات کررہے ہیں، اگلے مالی برس سے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کام شروع کر دے گااورجنوبی پنجاب میں بسنے والوں کو کام کے لئے لاہور نہیں آنا پڑے گا۔ عثمان بزدارنے فیصل آباد کے علاقے منصور آباد میں 2 نوجوانوں اور وزیر آباد میں ماں بیٹی کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی،دریں اثنا وزیراعلیٰ نے کرکٹرز کامران اکمل،عدنان اکمل اور عمر اکمل کی والدہ کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔ ادھر وائس چیئر مین ایل ڈی اے شیخ محمد عمران نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی، اس موقع پر وائس چیئر مین نے ایل ڈی اے کا بجٹ منظور کر نے پر شکریہ ادا کر نے کے علاوہ دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔