اسلام آباد (این این آئی؍ مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ پرچی پر آنے والے فرزند زرداری پھر رٹہ مار کر ابو کے لئے این آر او مانگنے آگیا ،فرزند زرداری! پختونخوا نے آپکو مسترد اور عمران خان کو بہترین کارکردگی پر دو تہائی اکثریت دی ،ڈرون حملوں میں پختون شہید ہوتے رہے اور زرداری امریکہ کو مزید ڈرون حملوں کی دعوت دیتا رہا ،پختونوں نے جنگ نہیں امن کے لئے عمران خان کو ووٹ دیا ،عمران خان کی حکومت آتے ہی پختونخوا میں امن آیا ۔ اپنے بیان میں مراد سعید نے کہا فرزند زرداری نے پختون قوم سے معافی تو نہیں مانگی لیکن الٹا انکے زخموں کو تازہ کر دیا ،پختون جنازے اٹھا رہے تھے اور زرداری دنیا کو کہتا رہا مارو میں سنبھال لوں گا ۔ انہوں نے کہاکہ سابقہ فاٹا کا ذکر کرتے ہوئے بھی فرزند زرداری کو شرم نہیں ،فاٹا انضمام میں ہر صوبے کو این ایف سی کا 3 فیصد فاٹا کو دینا تھا ۔ انہوں نے کہاکہ فرزند زرداری کی جہاں حکومت ہے انہوں نے آج تک سابقہ فاٹا کو این ایف سی شیئر نہیں دیا۔مشیر داخلہ شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ نوازشریف ایک سزا یافتہ مجرم ہے ، برطانوی قوانین کے مطابق سزا یافتہ شخص کو ڈیپورٹ کر سکتا ہے ۔مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ عوام کے ہاتھوں پی ڈی ایم کی پٹائی کا سیزن چل نکلا،جی بی الیکشن میں ووٹرز کے ہاتھوں پٹائی کے بعد پشاور جلسہ بھی فلاپ ہوگیا،لوگوں کی امید پاکستان کے ساتھ ہے ، لٹیروں کے ساتھ نہیں،باشعور ، غیور کے پی کے عوام کپتان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ترجمان پی ٹی آئی کے پی کے شوکت یوسفزئی نے کہا پی ڈی ایم کا جلسہ ناکام ترین رہا، خیبر پختونخوا حکومت نے اپوزیشن کوکھلی چھٹی دی تاکہ بڑا جلسہ کرسکے ،11جماعتیں مل کر بھی 15ہزار لوگ اکٹھے نہیں کرسکیں،کورونا ختم ہو تو پھر ہم جلسہ کرینگے ۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا پی ڈی ایم کے بنیادی مقاصد قوم سے لوٹا مال بچانا ہے ، عوام ان جعلسازوں کو پہچان لے جو بغض عمران میں ہر حد کو پھلانگنے کے درپے ہیں۔تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ بیکار لوگ بیکار جلسے کر رہے ہیں ۔