اسلام آباد (این این آئی)پاکستانی مصورہ رابعہ ذاکر پرنس ولیم اور کیٹ میڈلٹن کی شادی کا پورٹریٹ تیار کرلیا ہے ۔ رابعہ مہمان برطانوی شاہی جوڑے کو یہ پورٹریٹ تحفے میں دینگی۔تفصیل کے مطابق پاکستانی مصورہ رابعہ ذاکر نے دوہفتوں کی مسلسل محبت سے برطانوی شہزادے اور شہزادی کی تصویر کینونس میں اتار کر حقیقت کا رنگ بھر دیا۔ پورٹریٹ میں رائل چہروں کو بنانے کے لئے مصورہ کو یورپی آرٹسٹ سے مشاورت کرنا پڑی۔رابعہ ذاکر نے کہا کہ پورٹریٹ میں مسکراتے چہرے بنانا آئل پینٹنگ میں مشکل کام تھا، آنجہانی شہزادی لیڈی ڈیانا کے بیٹے کی پاکستان آمد خوشی کی بات ہے ، میری منفرد پورٹریٹ برطانوی رائل فیملی کو پاکستانی قوم سے محبت کااحساس دلائے گی۔ شاہی جوڑے کو پورٹریٹ ماضی کی یاد بھی دلائے گی ، غیر ملکی مہمانوں کو پورٹریٹ ہمیشہ بلامعاوضہ اور بلالالچ فراہم کیں، پاکستان کی خوبصورت پہنچان بنانے میں میری پینٹنگز حصہ ڈال رہی ہیں۔اس سے قبل پاکستانی آرٹسٹ وقاص شائق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر برطانوی شاہی جوڑے شہزادہ ولیم اور ڈچز آف کیمبرج کیٹ مڈلٹن کیلئے پنسل سے پورٹریٹ کا تحفہ تیار کرنے کی ویڈیو شیئر کر کے انھیں پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔