لاہور(اپنے رپورٹر سے ) پی ایچ اے ہیڈکواٹرز جیلانی پارک میں اورنج لائن ٹرین ٹریک پر کلین اینڈ گرین مہم کے حوالے سے اجلاس ہوا ۔ اجلاس کی صدارت ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے لاہور مظفر خان نے کی اور اورنج لائن ٹرین ٹریک پر کام کے حوالے سے افسران کو احکامات جاری کیے ۔ڈی جی پی ایچ اے مظفر خان نے کہا کہ اورنج لائن ٹرین ٹریک پر جلدازجلد لینڈ سکیپنگ کے کام کو مکمل کرلیا جائے گا جبکہ اورنج لائن ٹرین ٹریک پر سجاوٹ اور خوبصورتی کیلئے ڈیزائن فائنل کرلیا گیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اورنج لائن ٹرین ٹریک پر پھولوں اور پودوں کی تنصیب کیلئے ہارٹیکلچر ڈائریکٹرز کی تیاریاں عروج پر ہیں ان تیاریوں کو عملی جامہ پہناتے ہوئے ہارٹیکلچر اور انجینئرنگ سمیت دیگر منصوبوں کی تکمیل کے لیے بہترین حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھا جائے ۔انہوں نے کہا کہ اورنج لائن ٹرین پر پھولوں ، پودوں اور سجاوٹ کا کام ہارٹیکلچرز افسران جلد شروع کرائیں ۔ انہوں نے کہا کہ اورنج لائن ٹرین ٹریک اور سٹیشنوں پر کلین اینڈ گرین مہم کے تحت ہر ممکن اقدام کیا جائے ۔اجلاس میں ڈائریکٹر ہیڈکوارٹر زپی ایچ اے مدثر اعجاز ، ڈائریکٹر فنانس پی ایچ اے عثمان غنی ، ڈیزائنر رضوان بیگ ، چیف انجینئر ایل ڈی اے ، پروجیکٹ ڈائریکٹر اورنج لائن ٹرین ٹریک ، پبلک ریلیشن آفیسر پی ایچ اے نادیہ طفیل سمیت دیگر آفسران نے شرکت کی ۔