مظفرآباد(بیورو رپورٹ،این این آئی )وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ آئندہ جمعتہ المبارک کو آزادکشمیر سمیت دنیا بھر میں کشمیری یوم استغفار منائیں۔گزشتہ روز وزیراعظم فاروق حیدرنے کوروناوائرس کی صورتحال میں بیرون ممالک میں مقیم کشمیری تارکین وطن کے نام اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ہمیں آپ کی اس تکلیف کا بھی احساس ہے کہ آپ اپنے گھر والوں سے بھی ملنا چاہتے ہیں لیکن اس وقت ہماری آپ سے گزارش یہ ہے کہ اپنے گھر والوں کی سلامتی کے لئے ، ان کے تحفظ کے لئے آپ اپنے ہی دیار غیر میں اپنے وطن میں رہیں آپ فکر نہ کریں ۔پورے آزاد کشمیر کے لوگ ایک دوسرے کی مدد کر رہے ہیں ۔فاروق حیدرنے کہا کہ میر ے جتنے بھی بھائی یورپ ، امریکہ ، برطانیہ ، فرانس، اٹلی ،سپین جہاں پر ہماری آبادی زیادہ ہے آپ سے گزارش کرنا چاہتا ہوں کہ آپ جن ممالک میں بھی رہتے ہیں اْن کے بتائے ہوئے قوانین پر عمل کریں۔پاکستان اورخاص طور پرآزادکشمیر کا سفر کرنے سے پرہیز کریں۔انہوں نے کہا کہ میں نے وزیر اعظم پاکستان سے بھی کہاتھا کہ جو فلائٹس آ رہی ہیں اْن کو موخر کریں تاکہ ہمارا یہ دو ہفتے کا پیک پیریڈ گزر جائے ۔