لاہور،ملتان،اسلام آباد(نمائندہ خصوصی سے ،خبر نگار ، مانیٹرنگ ڈیسک ،آن لائن) حکومت کیخلاف لانگ مارچ کی پوری تیاری ہے ، اپوزیشن جیسے ہی تیار ہوئی عدم اعتماد تحریک کامیاب اور حکومت گر جائے گی۔گزشتہ روز ملتان میں سینئر صحافیوں کے ساتھ ملاقات کے دوران بلاول بھٹو نے کہا کہ آر ٹی ایس چلا نہیں سکتے اور اٹھارہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ والے ملک میں الیکٹرانگ ووٹنگ کیسے ہو گی جس کے حوالے سے تحفظات ہیں، اسی لیے یکطر فہ آرڈیننس نہیں مانیں گے ۔جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کی بجائے اس خطے کو سیکرٹریٹ کا لولی پاپ دیا گیا ہے ، پی ڈی ایم کے دوست عمران خان کے استعفیٰ کے بجائے ہمارے استعفے مانگ رہے تھے ۔ پی ڈی ایم میں جب تک کنفیوژن ہو گی مسئلہ حل نہیں ہوگا، عوام حکومت سے شدید ناراض ہیں، مہنگائی نے عوام کا بھرکس نکال دیا ہے ۔شہباز شریف مسلم لیگ (ن) کے صدر ہیں ،ان کا فیصلہ حتمی ہونا چاہیے ، جب بھی شہباز شریف کا بیان آئے پیچھے سے آواز آتی ہے یہ ان کا ذاتی فیصلہ ہے ، یا تو شہباز شریف قائد حزب اختلاف کا کردار ادا کریں یا ہمیں اپنا لانے دیں۔سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ متنازعہ مردم شماری کے معاملے پر پارلیمان کا مشترکہ اجلاس نہ بلانے پر شدید تشویش ہے ، سندھ حکومت وفاقی حکومت کو مشترکہ اجلاس بلانے کے لئے کئی بار درخواست کر چکی ہے ، سی سی آئی کی تاریخ میں پہلی بار ایک صوبے کی مخالفت کے باوجود اسے منظور کیا گیا، حکومت غیر ذمہ داری کا مظاہرہ بند کرے ،متنازعہ اور ناقص مردم شماری کے نتائج کے معاملہ حل کرنے کہ لئے جلد پارلیمان کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے ۔