ملتان(سپیشل رپورٹر ) وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاہے کہ ملک میں صدارتی نظام لانے کی باتیں محض افواہ ہیں، وزیراعظم عمران خان اپنی آئینی مدت پوری کریں گے ۔ان ہاؤس تبدیلی کی باتیں بے بنیاد ہیں۔ کوروناکی پانچویں لہر ملک میں تیزی سے پھیل رہی ہے مگر ہم لاک ڈاؤن کی طرف نہیں جارہے ،جنوبی پنجاب صوبے کیلئے بل لارہاہوں ،اس حوالے سے بھرپور تعاون کیلئے مسلم لیگ(ن)اور پیپلزپارٹی کو خطوط لکھ دیئے گئے ہیں ۔مجموعی قومی پیداوار کے لحاظ سے قرضوں کاتناسب83فیصد سے کم ہوکر 72فیصد پرآگیا ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے میڈیا سے گفتگو اوراور ڈسٹرکٹ وویمن پیس فورم کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شاہ محمودنے کہاکہ ہم اس بات سے بخوبی آگاہ ہیں کہ ملک میں مہنگائی بڑھ گئی ہے اور عام آدمی کیلئے معاشی مشکلات پیدا ہوچکی ہیں لیکن ہم پرامید ہیں اور ثابت قدمی سے ملک کو معاشی بحران سے نکال رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف 27فروری کو پنجاب سے سندھ کی طرف مارچ کرے گی۔ پیپلزپارٹی بھی سندھ سے 27فروری کومارچ کا ارادہ رکھتی ہے ۔امید ہے ان سے راستے میں ملاقات ہوجائے گی۔جنوبی پنجاب صوبے کے حوالے سے شاہ محمود نے کہاکہ ہماری جماعت خلوص نیت سے کام کررہی ہے مگر اس کیلئے دوتہائی اکثریت کی ضرورت ہے جوہمارے پاس میسر نہیں۔میں نے شہبازشریف اور بلاول بھٹو کو خطوط لکھے ہیں جن میں انہیں واضح طورپر کہاکہ اگر آپ صوبے کے قیام کے حوالے سے کریڈٹ لینا چاہتے ہیں تو ہماری جماعت آپ کو کریڈٹ دینے کیلئے تیارہے ۔ امید کرتا ہوں کہ دونوں جماعتیں فراخ دلی کامظاہرہ کریں گی اور ہمارے ساتھ تعاون کریں گی۔ دریں اثنا انہوں نے سابق رکن قومی اسمبلی رانا شوکت حیات نون کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔